الجوف میں اتحادی طیاروں کے حملے ، مارب میں حوثیوں کا حملہ پسپا

یمن میں آئینی حکومت کو سپورٹ کرنے والے عرب اتحاد کے لڑاکا طیاروں نے الجوف صوبے میں السعراء کے پہاڑوں کے مغرب میں باغی حوثی ملیشیا کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا ہے۔زمینی ذرائع کے مطابق حملوں کے نتیجے میں حوثیوں کی 3 عسکری گاڑیاں تباہ ہو گئیں اور ان میں سوار افراد مارے گئے۔مذکورہ ذرائع نے باور کرایا ہے کہ یمنی فوج نے الجوف صوبے کے صدر مقام الحزم شہر کا “گھیراؤ” کر رکھا ہے۔ اس دوران محاذوں پر حوثیوں کے ساتھ لڑائی کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
ادھر مارب صوبے میں عسکری ذرائع نے بتایا ہے کہ سرکاری فوج نے جن کو قبائلی جنگجوؤں کی معاونت حاصل تھی ، صوبے کے مختلف علاقوں کی جانب حوثی ملیشیا کی پیش قدمی کو روک دیا۔ ان علاقوں میں الجدعان، المہدرہ اور نجد العتق شامل ہیں۔ مذکورہ ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ اس دوران لڑائی میں حوثی ملیشیا کے درجنوں ارکان ہلاک اور زخمی ہو گئے۔ ان کے علاوہ 4 حوثیوں کو قیدی بنا لیا گیا۔
عسکری ذرائع کے مطابق مارب صوبے کے مغربی محاذ پر حوثیوں کے لیے کمک پہنچی ہے۔ یہ پیش رفت حوثیوں کی جانب سے حملے کی حکمت عملی میں تبدیلی لانے کے مقصد سے سامنے آئی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں