سعودی عرب میں مارچ میں کرونا وائرس کی وَبا پھیلنے کے بعد اتوار یکم نومبر کو پہلی مرتبہ غیرملکی زائرین کی عمرے کے لیے آمد ہوئی ہے اور سعودی حکام نے جدہ کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر ان کا خیرمقدم کیا ہے۔سعودی عرب نے کرونا وائرس کے تعلق سے عاید کردہ پابندیوں میں نرمی کے تیسرے مرحلے میں اندرون اور بیرون ملک سے 20 ہزار اور 60 ہزار عازمین عمرہ کو الحرمین الشریفین میں داخل ہونے کی اجازت دی ہے۔پہلے بیچ میں جدہ اور پھر مکہ مکرمہ پہنچنے والوں میں پاکستانی اور انڈونیشی زائرینِ عمرہ شامل ہیں۔
سعودی حکام کے مطابق بیرون ملک سے آنے والے زائرین مسجد الحرام میں عمرہ کے مناسک کی ادائی کے علاوہ عبادت وریاضت کرسکتے ہیں اور مدینہ منورہ میں مسجد النبوی الشریف میں روضۂ رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی زیارت کرسکتے ہیں۔
الحرمین الشریفین کے انتظامی امور کی ذمہ دار صدارت عامہ کے ترجمان نے ہفتے کے روز العربیہ سے گفتگو میں بتایا تھا کہ تمام زائرین کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے پیشگی حفاظتی اقدامات کرلیے گئے ہیں۔مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں عبادت گزاروں کے ہجوم اور بڑے اجتماعات کو روکنے کے لیے ہمہ وقت سماجی فاصلے کے قواعد وضوابط کی پاسداری کی جائے گی۔
ترجمان نے بتایا کہ دونوں مساجد اور ان کے صحنوں کی پورا دن نظافت و تطہیر کی جاتی ہے اور روزانہ ڈھائی ہزار لیٹر سے زیادہ ماحول دوست جراثیم کش محلول استعمال کیا جاتا ہے۔
الحرمین الشریفین میں تین سو مقامات پر جراثیم کش محلول رکھا گیا ہے تاکہ عبادت گزار اس سے اپنے ہاتھوں کو جراثیم یا وائرس سے پاک کرسکیں۔دونوں مقدس مقامات میں مختلف جگہوں پر میڈیکل ٹیمیں تعینات کردی گئی ہیں،کرونا وائرس کے کسی بھی مشتبہ کیس کے طبی معائنے کے لیے ایک کمرا مختص کردیا گیا ہے۔
سعودی حکومت آیندہ مہینوں میں وزارت حج وعمرہ اور وزارت صحت کی سفارشات کی روشنی میں عمرے پر عاید پابندیوں کو بتدریج نرم کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔اس نے 18 اکتوبر سے ڈھائی لاکھ تک عازمین کو عمرہ ادا کرنے کی اجازت دینے کا اعلان کیا تھا اور کہا تھا کہ مسجد الحرام میں چھے لاکھ سے زیادہ افراد کو عبادت وریاضت کے لیے اجازت نامے جاری کیے جائیں گے۔
عازمین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مسجدالحرام میں عمرے کی ادائی اور مدینہ منورہ میں روضہ رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی زیارت کے لیے اجازت نامے کے حصول کی غرض سے وزارت حج وعمرہ کی ایپلی کیشن’’اعتمرنا‘‘ میں لاگ اِن ہوکر اپنے نام کا اندراج کریں۔
سعودی حکومت نے قبل ازیں صرف اپنے شہریوں اور مملکت میں مقیم تارک وطن مکینوں کو مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں الحرمین الشریفین میں جانے کی اجازت دی تھی اورغیرملکی عازمین عمرہ کو یکم نومبر سے سعودی عرب میں داخل ہونے کی اجازت دینے کا اعلان کیا تھا۔
