پنجاب کابینہ میں ایک بار پھر رد و بدل کردی گئیں، فیاض الحسن چوہان کو وزیر اطلاعات کے عہدے سے ہٹادیا گیا، ان کی جگہ فردوس عاشق اعوان کو وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات مقرر کردیا گیا۔پنجاب کابینہ میں رد و بدل کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا، جس کے مطابق وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان کو عہدے سے ہٹادیا گیا، وہ محکمہ کالونیز کے صوبائی وزیر رہیں گے۔اس سے قبل گزشتہ سال مارچ میں ہندو برادری سے متعلق غیر ذمہ دارانہ بیان پر وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر فیاض الحسن چوہان سے استعفیٰ لے لیا گیا تھا۔
رپورٹ کے مطابق وفاقی وزارت اطلاعات سے رواں سال اپریل میں فارغ کی گئیں ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کو وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی مشیر اطلاعات مقرر کردیا گیا۔سماء ٹی وی نے جب ایک تقریب میں شریک فیاض الحسن چوہان سے اس تبدیلی سے متعلق سوال کیا تو ان کا کہنا تھا کہ عہدے سے ہٹائے جانے سے متعلق کسی نوٹیفکیشن کا علم نہیں۔فردوس عاشق اعوان کی جگہ سینیٹر شبلی فراز کو وزیر اطلاعات جبکہ عاصم سلیم باجوہ کو وزیراعظم کا مشیر برائے اطلاعات مقرر کیا گیا تھا تاہم عاصم سلیم باجوہ کو بھی کرپشن الزامات پر اپنے عہدے سے استعفیٰ دینا پڑا تھا، 12 اکتوبر کو وزیراعظم نے استعفیٰ منظور کرلیا تھا۔
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی نامزد مشیر برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے عہدہ ملنے پر وزيراعظم عمران خان کا شکريہ ادا کيا ہے۔ اپنے ٹويٹر پیغام کے ساتھ تقرری کا نوٹيفکيشن بھی شيئر کردیا۔ان کا کہنا ہے کہ اپنے قائد عمران خان کی بے حد مشکور ہوں جنہوں نے مجھ پر اعتماد کيا، وزیراعلیٰ پنجاب کا بھی شکریہ کرتی ہوں کہ انہوں نے اپنی ٹیم کا حصہ بنایا۔فردوس عاشق اعوان نے مزید کہا کہ وہ اپنے فرائض کو بخوبی انجام دينے کی پوری کوشش کریں گی۔پنجاب کابینہ سے وزیر کو آپریٹو پنجاب مہر محمد اسلم اور وزیر جیل خانہ جات زوار حسین وڑائچ کو بھی فارغ کردیا گیا ہے۔
