لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے موٹروے ریپ کیس کے مرکزی ملزم عابد ملہی کو مزید 15 روزہ جسمانی ريمانڈ پر پوليس کے حوالے کرديا گیا۔مرکزی ملزم کو جوڈيشل ريمانڈ ختم ہونے پر عدالت پيش کيا گيا، ملزم کی شناخت پريڈ کے قانونی تقاضے پورے ہونے پر پوليس نے 30 روزہ جسمانی ريمانڈ کی درخواست کی۔
عدالت کے استفسار پر ملزم نے کہا کہ میری بچی اور بیوی کہاں ہے،مجھے کچھ بھی پتہ نہیں،ميری ملاقاتيں نہيں ہورہيں۔ جس پر عدالت نے ريمارکس ديتے ہوئے کہا کہ شناخت پریڈ ہونا ضروری تھی اس کے بعد ملاقات ہوجائے گی۔
اس سے قبل لاہور موٹر وے ریپ کیس کے مرکزی ملزم عابد ملہی کا 27 اکتوبر کو 5 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کیا تھا تاہم اس موقع پر ملزم عابد کو پیش نہیں کیا گیا تھا۔واضح رہے کہ کیس کے مرکزی ملزم کو رواں ماہ 12اکتوبر کو اس کی رہائش گاہ سے گرفتار کیا گیا تھا۔بعد ازاں ملزم عابد کو 13 اکتوبر کو عدالت میں پیش کیا گیا جہاں عدالت نے ملزم کو 14روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر پولیس کی تحویل میں دیا، جبکہ ملزم کو شناخت پریڈ کیلئے بھی جیل منتقل کیا گیا تھا۔
