کورونا وبا دوسری لہر؛ قومی رابطہ کمیٹی کا اجلاس طلب ،اہم فیصلوں کا امکان

کورونا وائرس وبا کے بڑھتے ہوئے پھیلاؤ کو روکنے کے اقدامات پر غور کے لیے قومی رابطہ کمیٹی (این سی سی) کا اجلاس طلب کرلیا گیا ہے۔
وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے ایک ٹوئٹ میں بتایا کہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے کورونا وائرس وبا کے پھیلاؤ میں دوبارہ سے آنے والی تیزی کی روک تھام کے لیے اقدامات پر غور کیا ہے۔
اسد عمر نے کہا کہ این سی او سی کی سفارشات قومی رابطہ کمیٹی کے کل (منگل کو) ہونے والے اجلاس میں پیش کی جائیں گی۔
ان کا کہنا تھا کہ بیماری کا پھیلاؤ روکنے کے لیے ایسے مؤثر اقدامات کرنا ضروری ہے جن کے نتیجے میں معاشی سرگرمیاں متاثر نہ ہوں۔
واضح رہے کہ گذشتہ ہفتے سے ملک میں ایک بار پھر کورونا وائرس کی وبا کے پھیلاؤ میں تیزی آگئی ہے۔ وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان کا یہ بیان بھی سامنے آچکا ہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کی دوسری شدید لہر شروع ہوچکی ہے جس کے بعد یومیہ بنیادوں پر وائرس سے ہونے والی اموات ارو متاثرہ افراد کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں