بلاول بھٹی کی رپورٹس کلیئر قرار، اسپتال سے ڈسچارج

سدرن پنجاب کے فاسٹ بولر بلاول بھٹی کی سی ٹی اسکین رپورٹ کلیئر آنے کے بعد آل راؤنڈر کو اسپتال سےڈسچارج کردیا گیا۔

گزشتہ روز سدرن پنجاب کے بلاول بھٹی بیٹنگ کے دوران سر پر گیند لگنے کے باعث زخمی ہوگئے تھے۔ بلاول کی رپورٹ کلیئر آنے کے بعد انہیں اسپتال سے ڈسچارج کردیا گیا ہے تاہم ڈاکٹرز کی جانب سے انہیں آرام کا مشورہ دیا گیا ہے۔

سدرن پنجاب کی پہلی اننگز کے 85ویں اوور کی پہلی گیند پر خرم شہزاد کی گیند بلاول بھٹی کے سر پر لگی۔ پلیئنگ کنڈیشنز کے تحت میڈیکل ٹیم کے ایک نمائندے نے بلاول بھٹی کا معائنہ کیا، جس کے نتیجے میں بلاول بھٹی میدان سے باہر چلے گئے۔

میڈیکل ٹیم کے نمائندے نے ٹیم ٹریٹمنٹ روم میں بلاول بھٹی سے کن کشن قانون کے لیے مقررہ چند سوالات پوچھے، جن کے درست جوابات دینے پر بلاول بھٹی کو اننگز دوبارہ شروع کرنے کی اجازت دی گئی۔

بلاول بھٹی سدرن پنجاب کے آخری آؤٹ ہونے والے بیٹسمین تھے۔ سدرن پنجاب کی پوری ٹیم 92.2 اوورز میں آؤٹ ہوگئی۔ میدان میں واپسی پر 7 گیندیں کھیلنے والے بلاول بھٹی نے میچ میں مجموعی طور پر 11 گیندیں کھیلیں۔

اننگز بریک کے دوران میڈیکل ٹیم کے نمائندے نے بلاول بھٹی کا ایک بار پھر معائنہ کیا اور انہوں نےچند ضروری ٹیسٹ کے لیے آلراؤنڈر کو اسپتال لے جانے کا فیصلہ کیا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں