پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی کے مسائل کی نشاندہی اب غیر ملکی جریدے بھی کرنے لگے۔ امریکی جریدے بلوم برگ نے کراچی کے ٹرانسپورٹ سسٹم کو دنیا کا بدترین نظام قرار دے دیا۔
بلوم برگ کے مطابق کراچی کی سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں۔ امریکی جریدے کی رپورٹ میں زیر تعمیر منصوبوں کا بھی ذکر کیا گیا ہے۔
تفصیل کے مطابق معروف امریکی جریدے بلوم برگ کی رپورٹ میں کراچی کو ‘’سیاسی یتیم’’ قرار دیا گیا ہے۔ بلوم برگ کی رپورٹ نے کراچی کی اصلیت کھول کر رکھ دی ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کراچی کا ٹرانسپورٹ کا نظام دنیا میں سب سے بدترین بن چکا ہے۔ شہر قائد کا کوئی پرسان حال نہیں، شہر مسائل کا گڑھ بن چکا ہے۔
جریدے بلوم برگ میں ایم اے جناح روڈ کے بے ہنگم ٹریفک کا بھی ذکر کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ یہ شاہراہ جو شہر کی زیادہ تر ٹریفک کو کنٹرول کرتی ہے، اہم ترین بندرگاہ کو شہر سے ملاتی ہے، جگہ جگہ سے ٹوٹی ہوئی ہے۔
شہر کے زیادہ تر ٹریفک سگنل خراب ہوچکے ہیں۔ کراچی کے مسائل اس وقت مزید نمایاں ہوئے جب رواں سال اگست میں بارشیں ہوئیں اور 64 افراد جاں بحق ہوئے۔ اس وقت سارا شہر ندی نالوں میں بدل گیا تھا۔
بلوم برگ کی رپورٹ کے مطابق کراچی کے ٹرانسپورٹ سسٹم کو جدید بنانےکے لئے کئی بار میگا پراجیکٹس کا اعلان کیا گیا لیکن بدقسمتی سے وہ منصوبے آج تک شروع نہیں ہوئے۔
گرین لائن بس پراجیکٹ کا چھ سال پہلے اعلان کیا گیا تھا لیکن ابھی تک وہ مکمل نہیں کیا جا سکا۔ وزیراعظم عمران خان نے گیارہ سو ارب کے پیکج کا اعلان الگ کیا جبکہ سرکلر ریلوے کے نظام کی بحالی بھی کراچی شہر چلانے والوں کے لیے ایک بہت بڑا چیلنج ہے۔
