سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پیغام میں عامر لیاقت حسین نے بتایا کہ ان کا اور ان کی اہلیہ طوبیٰ عامر کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔ دونوں نے خود کو قرنطینہ کر لیا ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز مشہور پاکستانی گلوکار جواد احمد کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا تھا۔
ان کے ترجمان نے بتایا تھا کہ جواد احمد نے خود کو قرنطینہ کر لیا ہے۔ انہوں نے اپنے تمام مداحوں اور چاہنے والوں سے اپیل کی ہے کہ ان کے لیےصحت کی دعا کریں۔
اس سے قبل گلوکار اور سیاستدان ابرارالحق کا کورونا ٹیسٹ بھی مثبت آیا تھا۔ معروف گلوکار رحیم شاہ کا کوروناٹیسٹ بھی مثبت آیا تھا۔
رحیم شاہ نے خود کو گھر میں قرنطینہ کرلیا تھا۔ انہوں نے کورونا کی علامات ظاہر ہونے پر کورونا کا ٹیسٹ کروایا جس کی رپورٹ مثبت آئی تھی۔
گزشتہ روز اداکار عثمان خان اور ماڈل فروا علی کاظمی کا کورونا ٹیسٹ بھی مثبت آیا تھا۔
یاد رہے کہ عالمی وبا کوروناوائرس کے سبب پاکستان میں مزید26 اموات رپورٹ ہوئی ہیں اور مرنے والوں کی مجموعی تعداد6ہزار893 ہوگئی ہے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق ملک بھر میں کورونا کےایک ہزار302 نئے کیسز رپورٹ ہوئے اور متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد3لاکھ16 ہزار665 تک پہنچ گئی ہے۔
پاکستان میں کورونا کے3 لاکھ16ہزار665 مریض صحتیاب ہوگئے ہیں اور15 ہزار317 زیرعلاج ہیں۔
اسلام آباد میں کورونا کیسزکی تعداد20 ہزار694ہوگئی ہے۔ پنجاب ایک لاکھ 5 ہزار535، سندھ میں ایک لاکھ 47 ہزار787، خیبر پختونخوا میں 40 ہزار22، بلوچستان میں 16 ہزار26، گلگت بلتستان میں 4 ہزار320 اور آزاد کشمیرمیں 4ہزار491 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
کورونا وائرس کے باعث پنجاب میں 2 ہزار 385 اور سندھ میں 2 ہزار647 اموات ہو چکی ہیں۔ خیبر پختونخوا میں اموات کی تعداد ایک ہزار284، اسلام آباد میں 229، بلوچستان میں 152، گلگت بلتستان میں 92 اور آزاد کشمیر میں 104 ہو گئی ہے۔
