وفاقی دارالحکومت کے مزید 6 تعلیمی اداروں میں کورونا وائرس کے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ مذکورہ تعلیمی اداروں کو سیل کرنے کا مراسلہ بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
ضلعی انتظامیہ کی جانب سے لکھے گئے خط میں تعلیمی اداروں کی انتظامیہ کو جراثیم کش اسپرے کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ متاثرہ افراد سے رابطہ میں رہنے والے افراد کو قرنطینہ میں رہنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔
تین روز قبل وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی 3 یونیورسٹیوں میں کورونا کیسز سامنے آنے پر ضلعی انتظامیہ نے متعلقہ شعبوں اور کلاسز کو سیل کرنے کا مراسلہ جاری کیا تھا۔
ڈستڑکٹ ہیلتھ آفیسر اسلام آباد ضعیم ضیا کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق نمل یونیورسٹی میں کورونا کے 7 کیسز رپورٹ ہوئے ۔ نمل یونیورسٹی کے شعبہ مینجمنٹ سائنسز میں دو، شعبہ کمپیوٹر سائنسز، انٹرنیشنل ریلنشز، بی بی اے، انگلش اور پی آر او آفس میں ایک ایک کیسز سامنے آنے کے بعد متعلقہ شعبوں کو بند کرنے کے احکامات جاری کر دیے گئے تھے۔
ڈی ایچ او ضعیم ضیا نے اسلام آباد کی دو نجی یونیورسٹیوں میں مجموعی طور پر سات کیسز سامنے آنے کے بعد دوںوں جامعات کے متعلقہ شعبوں اور کلاس کو سیل کرنے کے احکامات جاری کردیے تھے۔
قبل ازیں انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی اسلام آباد میں کورونا وائرس کے 12 نئے کیسز رپورٹ ہونے کے بعد ضلعی انتظامیہ نے یونیورسٹی کو دوسری مرتبہ سیل کردیا تھا۔خیال رہے کہ قبل ازیں 72 تعلیمی اداروں کو کورونا کیسز رپورٹ ہونے پر سیل کیا جا چکا ہے۔
