موسم سرما کے آغاز اورسرد ہوائیں چلنے کے باعث سردی کی لہر میں معمولی اضافہ کے ساتھ ہی برائیلر مرغی کے گوشت کی قیمت میں 48 گھنٹوں میں 90روپے فی کلو اضافہ کردیاگیاہے جبکہ دیسی مرغی کے گوشت کی قیمت بھی 750 روپے فی کلو گرام تک پہنچ گئی ہے اسی طرح برائیلر و دیسی انڈے بھی صارفین کی پہنچ سے دور ہونے لگے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق معلوم ہواہے کہ گزشتہ ہفتے مارکیٹ میں برائیلر مرغی کا گوشت 210 سے 220 روپے فی کلو گرام تک فروخت ہو رہا تھا لیکن سردی کی لہر کے بعد گزشتہ دو روز کے دوران گوشت کی قیمت میں 90 روپے فی کلو گرام کا ہوشربا اضافہ ہوگیاہے۔ جس کے بعد اب برائیلر مرغی کے گوشت کی قیمت 300 سی310 روپے فی کلو گرام کر دی گئی ہے اسی طرح دیسی مرغی کا گوشت جو گزشتہ روز تک 600 سے 650 روپے فی کلو دستیاب ہو رہا تھا اس کی قیمت بھی 720 سے 750 روپے فی کلو گرام کر دی گئی ہے۔ دوسری جانب انڈہ فروش بھی کسی سے پیچھے نہ رہے ہیں اور انہوں نے برائیلر انڈوں کی قیمت 150روپے فی درجن سے بڑھا کر 170 روپے فی درجن اور دیسی انڈوں کی قیمت 250 روپے سے بڑھا کر330 روپے فی درجن کردی ہے۔
