وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا ہے کہ شادی تقریبا ت کی وجہ سےکرونا تیزی سے پھیل رہا ہے، اب ہمیں مشکل اور سخت فیصلے کرنا ہوں گے ورنہ صورت حال بہت خراب ہوسکتی ہے۔
ڈاکٹر فیصل سلطان کا کہنا تھا کہ ’ہمیں اس بات کا ادراک ہے کہ کرونا کیسز میں دن بہ دن اضافہ ہورہا ہے‘۔
اُن کا کہنا تھا کہ ’عوام کی اکثریت کرونا کو سنجیدگی سے نہیں لے رہی اسی وجہ سے اب مشکل اور سخت فیصلے کرنے کا وقت آگیا ہے کیونکہ کرونا کی دوسری لہر پہلے سے زیادہ خطرناک ہوسکتی ہے‘۔
معاونِ خصوصی کا کہنا تھا کہ شادی کی تقریبات میں بھی غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کیا جارہا ہے، اسی وجہ سے کرونا تیزی سے پھیل رہا ہے، اگر عوام نے احتیاطی تدابیر پر عمل نہ کیا تو ہم سخت فیصلے کریں گے‘۔
فیصل سلطان کا کہنا تھا کہ ’پاکستان میں کرونا ویکسین پہنچنے میں ابھی بہت وقت لگے گا، فائزر کمپنی نے مؤثر ویکسین تیار کرنے کا دعویٰ تو کردیا مگر وہ دوا مارکیٹ میں آنے میں کافی وقت لگ سکتا ہے‘۔
اُن کا کہنا تھا کہ ’مختلف ممالک نے ویکسین کے حصول کے لیے پہلے سے ہی رقم جمع کروادی ہیں، پاکستان ابھی ایسی پوزیشن میں نہیں کہ خوراک کے حصول کے لیے رقم جمع کراسکے‘۔
معاونِ خصوصی کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے کرونا فنڈز کی منظوری دی ہے، جس میں جمع ہونے والی رقم کو کرونا وبا کی ویکسین اور روک تھام کیلئےاستعمال کیا جائے گا۔
