اسلام آباد :پاکستان سمیت دنیا بھر میں نرسوں کا عالمی دن ’’ورلڈ نرسز ڈے‘‘ آج بھرپور انداز سے منایا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق نرسنگ کی اہمیت اُجاگر کرنے اور اس کی خدمات کے اعتراف کے طور پر دنیا بھر میں ہر سال 12مئی کو نرسوں کا عالمی دن منایا جاتا ہے۔
اس دن کو منانے کا آغاز1953ء میں ہوا، اس دن کو منانے کا مقصد اس پیشے سے وابستہ خواتین کی حوصلہ افزائی کرنا ہے اور ساتھ ہی جنگ عظیم میں خدمات سرانجام دینے والی معروف نرس فلورنس نائٹ انگیل کی خدمات کو بھی سراہنا ہے۔
اقوام متحدہ کی رپورٹ کے مطابق دنیا میں ایک کروڑ 80 لاکھ 28 ہزار 917 نرسیں خدمت انسانی کے جذبے کے تحت دنیا کے مختلف ہسپتالوں میں خدمات سرانجام دے رہی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق 69 لاکھ 41 ہزار 698 نرسوں کے ساتھ یورپ سرفہرست جبکہ 40 لاکھ 95 ہزار 757 کے ساتھ براعظم امریکا کا خطہ دوسرے، 34 لاکھ 66 ہزار 342 کے ساتھ مغربی بحرالکاہل تیسرے 19 لاکھ 55 ہزار 190 کے ساتھ جنوب مشرقی ایشیا چوتھے 7 لاکھ 92 ہزار 853 کے ساتھ افریقہ پانچویں نمبر پر ہے۔
پاکستان میں شعبہ نرسنگ کی بنیاد بیگم رعنا لیاقت علی خان نے رکھی۔ 1949ء میں سینٹرل نرسنگ ایسویسی ایشن اور1951ء میں نرسز ایسویسی ایشن کا قیام عمل میں آیا۔
