سعودی عرب میں پروستھیٹک (مصنوعی) میک اپ کے شوقین نوجوان لڑکے اور لڑکیوں نے ایک گروپ تشکیل دیا ہے۔ گروپ کو “جرعة رعب” (دہشت کا گُھونٹ) کا نام دیا گیا ہے۔ اس طرح یہ 2019ء کے بعد عرب دنیا میں مذکورہ میک اپ کے آرٹسٹس کا پہلا مجموعہ ہے۔ ابتدا میں اس کے ارکان کی تعداد کم تھی جس میں بعد ازاں اضافہ ہوتا چلا گیا۔ یہاں تکہ کہ ایک گروپ کی تاسیس عمل میں آ گئی۔
پروستھیٹک میک اپ دراصل کاسمیٹک سرجری کی ایک قسم ہے جس میں جسم کے مصنوعی اعضا کو چہرے اور جسم پر سرجری کے ذریعے لگایا جا تا ہے۔ اس کے ذریعے انسان کی ظاہری شکل و صورت عارضی طور پر تبدیل ہو جاتی ہے۔
گروپ میں نئے ارکان کو خوش آمدید کہنے والی خاتون ذمے دار انتصار الراشد نے العربیہ ڈاٹ نیٹ سے گفتگو کی۔ انہوں نے بتایا کہ “گروپ کا نام اس کی فنی سرگرمی کے لحاظ سے موزوں ہے اور یہ ایسا نام ہے جو کسی بھی سننے والے میں دل چسپی پیدا کر سکتا ہے۔ گروپ میں اب تک عرب دنیا سے 833 افراد اپنا اندراج کرا چکے ہیں اور ان کے ساتھ باہمی تعامل میں مصروف افراد کی تعداد 240 ہے”۔
انتصار نے واضح کیا کہ ” ہمارے گروپ میں شمولیت اندراج کے برقی لنک کے ذریعے ہوتی ہے۔ یہ لنک انسٹاگرام پر گروپ کے اکاؤنٹ پر پوسٹ کیا گیا ہے۔ بعد ازاں خواہش مند افراد کے ساتھ واٹس ایپ کے ذریعے رابطہ کیا جاتا ہے۔ ان افراد کو گروپ کے اصول و ضوابط سے آگاہ کر دیا جاتا ہے۔ خواہش مند امیدوار کی آمادگی کے بعد اسے بطور رکن گروپ میں شامل کر لیا جاتا ہے۔ گروپ کے ہر رکن کو ایک متعین کام سونپا جاتا ہے”۔
انتصار کے مطابق “سعودی عرب میں اس شعبے میں اہلیت کے حامل افراد کی جانب سے تربیتی کورسز کا اہتمام نہیں کیا جاتا ہے۔ ہم اپنے گروپ کے ذریعے تربیتی کورسز کو یقینی بنانا چاہتے ہیں۔ ہمارے گروپ میں عرب دنیا کے بڑے میک اپ آرٹسٹس شامل ہیں۔ ان افراد کے ساتھ رابطہ کیا گیا ہے تا کہ اس موقع کو کامیاب بنانے کی کوشش کی جا سکے”۔
خاتون ذمے دار کا مزید کہنا تھا کہ گروپ کے ارکان ایسی کسی بھی جگہ موجود ہو سکتے ہیں جہاں عوام ان کے فن اور خداداد صلاحیتوں کو قبول کرے۔ اسی واسطے گروپ کھلی جگہاؤں اور میلوں وغیرہ میں شریک ہوتے ہیں۔ مختلف شہروں میں ایک یا دو روز کے لیے مناسب جگہ دستیاب ہونے کی صورت میں وہاں جمع ہوتے ہیں۔ اس سلسلے میں سماجی دل چسپی کے تناسب میں اضافہ ہوا ہے۔ لوگ اب ہماری صلاحیتوں کو جاننا شروع ہو گئے ہیں۔ ہم اس فن کی درست صورت کے ساتھ بنیادیں رکھنا چاہتے ہیں۔ ساتھ ہی گروپ کے ارکان کو تربیت دے کر انہیں ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے خواہش مند ہیں”۔