کورونا وائرس، بلوچستان کے تعلیمی اداروں میں یکم دسمبر سے تعطیلات کا فیصلہ

واضح رہے کہ بلوچستان میں کورونا وائرس کے نئے کیسز میں اضافے کا رجحان جاری ہے، 24 گھنٹوں کے دوران 8 طالب علموں سمیت کورونا کے 42 نئے مریض سامنے آئے ہیں۔
بلوچستان میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے باعث تعلیمی اداروں میں تعطیلات جلد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ بلوچستان کے وزیرِ تعلیم سردار یار محمد رند کہتے ہیں کہ تعلیمی اداروں میں موسمِ سرما کی تعطیلات یکم دسمبر سے ہوں گی۔ ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ نیا تعلیمی سال 3ماہ کی تعطیلات کے بعد مارچ میں شروع کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ بلوچستان میں کورونا وائرس کے نئے کیسز میں اضافے کا رجحان جاری ہے، 24 گھنٹوں کے دوران 8 طالب علموں سمیت کورونا کے 42 نئے مریض سامنے آئے ہیں، جبکہ کورونا میں مبتلا 50 مریض صحت یاب بھی ہوئے ہیں۔محکمہ صحت بلوچستان کی جانب سے جاری کی گئی رپورٹ کے مطابق پیر کے روز صوبے میں 356 افراد کے کورونا وائرس کے ٹیسٹ کیے گئے۔ ان ٹیسٹ کے نتیجے میں صوبے کے 3 اضلاع سے 42 نئے کیسز سامنے آئے، جس کے بعد صوبے میں اب تک کورونا وائرس سے متاثر ہونے والوں کی مجموعی تعداد 16 ہزار 449 ہو گئی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں