نواز شریف اور آصف زرداری میں رابطہ،بڑے سیاسی کھلاڑیوں میں اہم اتفاق

نواز شریف اور سابق صدر آصف علی زرداری میں ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے جس میں حالیہ سیاسی صورتحال پر اہم گفتگو کی گئی۔تفصیلات کے مطابق سیاست کے دو بڑے کھلاڑیوں کے مابین ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے۔آصف علی زرداری اور میاں نواز شریف کے مابین ٹیلیفونک رابطہ پیر کی شب ہوا۔پیپلز پارٹی زرائع کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان گلگت میں ہونے والی حالیہ انتخابات میں مبینہ دھاندلی اور بے ضابطگیوں کے حوالے سے طویل تبادلہ خیال ہوا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آصف زرداری اور نواز شریف نے اس بات پر اتفاق کیا کہ اس معاملے کو پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم سے اٹھایا جائے اور غیر جمہوری اقدامات اور طاقت کے بل بوتے پر کیے جانے والے فیصلوں کو روکنے کے لیے پی ڈی ایم کو زیادہ فعال اور سرگرم کیا جائے۔
اسی حوالے سے سینئر صحافی حامد میر کا کہنا ہے کہ سابق صدر آصف علی زرداری اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے ایک دوسرے کے ساتھ ٹیلی فون پر تفصیلی بات چیت کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ آدھے گھنٹے سے زائد جاری رہنے والی گفتگو میں گلگت بلتستان کے انتخابی نتائج کے علاوہ دیگر سیاسی معاملات پر گفتگو ہوئی دونوں رہنماؤں کا پچھلے چند دنوں میں یہ دوسرا رابطہ تھا۔واضح رہے کہ پاکستان مسلم لیگ ن اور پاکستان پیپلز پارٹی گلگت بلتستان انتخابات کے نتائج مسترد کر چکے ہیں۔ پاکستان مسلم لیگ( ن )نے گلگت بلتستان میں انتخابات کے نتائج کو مسترد کر تے ہوئے الیکشن نتائج کے خلاف احتجاج کا اعلان کر دیا او ر کہا ہے کہ گلگت بلتستان کے عوام کے حقوق پر ڈاکا ڈالا گیا۔
سیکرٹری جنرل مسلم لیگ ن احسن اقبال نے گلگت بلتستان کے سابق وزیراعلیٰ حافظ حفیظ الرحمان کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ریٹرننگ آفیسر حکومتی لوگوں کے پاس حاضری دیتے تھے، الیکشن کمیشن نے سیاسی جماعتوں کے ساتھ مل کر ایجنڈا بنایا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں