فلسطینی تنظیم حماس اور فتح موومنٹ نے اعلان کیا ہے کہ وہ مصالحتی معاہدے تک پہنچنے کے لیے مصری دارالحکومت قاہرہ میں ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رکھیں گی۔
فتح موومنٹ کے مطابق آئندہ گھنٹوں کے دوران مصالحت کے حوالے سے قاہرہ سے مثبت خبریں آئیں گی۔ موومنٹ کے ترجمان ایاد نصر کا کہنا ہے کہ بھرپور ملاقاتوں کا سلسلہ ابھی جاری ہے اور امور بڑی حد تک مثبت صورت اختیار کر چکے ہیں۔
اسی سلسلے میں ذمے دار فلسطینی ذرائع نے بتایا ہے کہ کسی بھی سمجھوتے تک پہنچنے کی صورت میں دونوں وفود سرکاری طور پر اس کا اعلان کریں گے ،،، اور اس کو بے بنیاد انکشافات کی شکل میں اِفشا نہیں کیا جائے گا۔
دوسری جانب حماس کے ترجمان حازم قاسم نے بتایا کہ تنظیم کے وفد کے قاہرہ کے دورے کا مقصد فتح موومنٹ کے ساتھ رابطے اور مکالمے کا سلسلہ جاری رکھنا ہے۔ انہوں نے باور کرایا کہ حماس تنظیم ان کوششوں کو کامیاب بنانے پر مُصر ہے تا کہ مسئلہ فلسطین کو درپیش چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کے لیے ایک مشترکہ حکمت عملی بنائی جا سکے۔
اس سے قبل فلسطینی ذرائع نے العربیہ ڈاٹ نیٹ کو دیے گئے بیان میں انکشاف کیا تھا کہ مصری ذمے داران کی حماس تنظیم کے ساتھ بات چیت میں ،،، اسرائیل پر راکٹ داغے جانے کے بعد غزہ کی پٹی کی صورت حال کو زیر بحث لانا شامل ہے۔ ذرائع نے توقع ظاہر کی ہے کہ اسلامی جہاد کا ایک وفد رواں ہفتے کسی وقت قاہرہ پہنچے گا۔ وفد کی آمد کا مقصد مصالحت سے متعلق امور اور فلسطینی انقسام کے خاتمے کے حوالے سے بات چیت کرنا ہے۔
اس سے قبل فلسطینی ذرائع نے العربیہ ڈاٹ نیٹ کو بتایا کہ اتوار کے روز قاہرہ پہنچنے والے فتح موومنٹ کے وفد میں روحی فتوح اور احمد حلس شامل ہیں۔ ادھر حماس تنظیم کا وفد خلیل الحیہ اور صالح العاروری پر مشتمل ہے۔ دونوں وفود رفح کی گزر گاہ کے راستے مصر روانہ ہوئے تھے۔
