جنوبی وزیرستان میں دہشتگردوں نے سکیورٹی فورسز کی چوکی پر حملہ کیا۔ تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ دہشتگردوں نے پاش زیارت کے قریب فوجی چوکی پر حملہ کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسزکی چوکی پر فائرنگ کے فوری بعد پاک فوج نے جوابی کارروائی کی ۔
سکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کو برق رفتار اور مؤثر جواب دیا۔ دہشتگردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے دو جوان شہید جبکہ ایک زخمی ہو گیا۔ شہدا میں 32 سالہ حوالدار مطلوب اور 25 سالہ سپاہی سلیمان شوکت شامل ہیں۔آئی ایس پی آر کے مطابق علاقہ میں کلئیرنس کے لیے آپریشن جاری ہے۔ یاد رہے کہ پاک فوج کی دہشتگردوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔
دو روز قبل تربت کے علاقے سیٹلائٹ ٹاؤن میں سیکیورٹی فورسز کی فائرنگ سے ایران کو مطلوب نہایت خطرناک دہشتگرد ہلاک ہو گئے تھے۔ ہلاک ہونے والے دہشتگرد باپ بیٹا تھے، اور ایرانی حکومت کی جانب سے انتہائی مطلوب افراد کی فہرست میں شامل تھے ۔ سکیورٹی فورسز کے سرچ آپریشن کے دوران فائرنگ کے نتیجے میں دونوں باپ بیٹا ہلاک ہو گئے ۔ ہلاک ہونے والے دہشتگرد کی شناخت ملا عمر کے نام سے ہوئی تھی۔ قبل ازیں گذشتہ ماہ کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے بلوچستان کے علاقے مستونگ میں کارروائی کرتے ہوئے چار انتہائی خطرناک دہشت گردوں کو ہلاک کردیاتھا۔ خیال رہے کہ پاکستان کی فوج اور سکیورٹی فورسز ملک سے دہشتگردوں کا خاتمہ کرنے کے لیے ہمہ وقت تیار رہتی ہیں۔
