عرب نوجوان طواف کعبہ کے دوران لڑکی کو پسند کرنے پر شدید تنقید کا نشانہ بن گیا

دُنیا بھر کے مسلمان اللہ کی رضا اور خوشنودی کی خاطر ہر سال لاکھوں کی گنتی میں حج اور عمرہ کی ادائیگی کے لیے جاتے ہیں۔ طواف کعبہ کے درمیان ہر دل پر اللہ کی محبت میں ایک روح پرور کیفیت طاری ہوتی ہے اور کسی بھی قسم کا غلط خیال ذہن میں نہیں سما سکتا۔ کیونکہ سارا دھیان عبادت اور دُعا کی جانب ہوتا ہے۔
تاہم ایک عرب نوجوان کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد دُنیا بھر کے مسلمانوں کی جانب سے سخت ردِ عمل ظاہر کیاجا رہا ہے۔سعودی اخبار المرصد کے مطابق مراکش سے تعلق رکھنے والے ایک نوجوان کی ویڈیو وائرل ہوئی، جس میں اس نے بتایا کہ وہ کعبہ شریف کا طواف کر رہا تھا، جب اچانک اس کی نظر مطاف (کعبہ شریف کا صحن) میں ایک نوجوان خاتون پر پڑی۔
وہ اس کی خوبصورتی ، سادگی اور طواف میں مصروفیت کے انداز سے ایسا متاثر ہوا کہ اسے اپنا دل دے بیٹھا اور فیصلہ کر لیا کہ وہ اسی لڑکی کو اپنی زندگی کی ساتھی بنائے گا۔
جس کے بعد اس نے لڑکی سے ملاقات کی اور اس کے لیے اپنی پسندیدگی ظاہر کی۔ لڑکی نے اسے اپنے والدین سے بھی ملوایا جس کے بعد اس کی لڑکی سے منگنی طے پا گئی۔
وہ بہت خوش ہے کہ طواف کے دوران اس کو ایک آئیڈیل خاتون مل گئی ہے۔ تاہم اس کی اس ویڈیو پر ٹویٹر صارفین کی جانب سے سخت ردِ عمل آیاہے۔ لوگوں کا کہنا تھا کہ خانہ کعبہ ایک مقدس مقام ہے جہاں پر انسان کو ساری توجہ اپنے گناہوں کی مغفرت اور دُنیا و آخرت کی فلاح کے حصول پر ہونی چاہیے نہ کہ طواف کرتی خواتین کی خوبصورتی دیکھنے پر۔
نوجوان کا یہ عمل ایک شرمناک عمل ہے۔ اسے اپنی اس حرکت پر توبہ کرنی چاہیے اور بہت زیادہ شرمساری بھی محسوس کرنی چاہیے۔خانہ کعبہ میں رومانوی جذبات پر قابو پانا چاہیے۔ تاہم کچھ ٹویٹر صارفین کا کہنا تھا کہ وہ وہاں لڑکی تلاش کرنے کی نیت سے نہیں گیا تھا بلکہ مذہبی فریضے کی ادائیگی سے گیا تھا۔ اگر اس دوران اسے ایک خوبصورت اور نیک صالح خاتون اتفاقاً مل گئی تو اسے اللہ کی رضا سمجھ لینا چاہیے۔ اگر اسے اپنی جیون ساتھی اسی طرح ملنی تھی، تو اس میں کوئی بُری بات نہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں