ریاض (یو این این)سعودی عرب میں گذشتہ 24 گھنٹے میں کووِڈ-19 کا شکار 15مریض چلے بسے ہیں۔وزارت صحت نے جمعرات کو 401 نئے کیسوں کی تشخیص کی اطلاع دی ہے جبکہ پہلے سے اس مہلک وائرس میں مبتلا 466 افراد صحت یاب ہوگئے ہیں۔ وزارت صحت نے ایک ٹویٹ میں بتایا ہے اب مملکت میں کرونا وائرس کے کل تصدیق شدہ کیسوں کی تعداد 343774 ہوگئی ہے۔ان میں سے 330181 مریض تن درست ہوچکے ہیں اور 5250 مریض وفات پاگئے ہیں۔مدینہ منورہ میں آج بھی کرونا وائرس کے سب سے زیادہ کیس ریکارڈ کیے گئے ہیں۔ان کی تعداد 55 ہے۔ دارالحکومت الریاض میں 39 ،مکہ مکرمہ میں 35 اور ینبع میں 24 نئے کیسوں کا اندراج کیا گیا ہے۔ساحلی شہر جدہ میں صرف نو نئے کیس سامنے آئے ہیں۔کرونا وائرس کے باقی کیس سعودی عرب کے دوسرے شہروں اور علاقوں میں ریکارڈ کیے گئے ہیں۔ وزارت صحت کے مطابق اس وقت سعودی عرب میں کرونا وائرس کے فعال کیسوں کی تعداد 8343 ہے۔ان میں 741 کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے۔
سعودی عرب میں حالیہ ہفتوں کے دوران میں کرونا وائرس کے یومیہ کیسوں کی تعداد میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے مگر اس کے باوجود سعودی وزیر صحت ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے خبردار کیا ہے کہ اگراس مہلک وَبا سے نمٹنے کے لیے احتیاطی تدابیر کونظرانداز کیا گیا تو ایک مرتبہ پھر مملکت میں کووِڈ-19 کے یومیہ کیسوں کی تعداد میں اضافہ ہوسکتا ہے۔
