حلقہ ایک گلگت میں مرکزی کمپیئن آفس کے افتتاح کے موقع پر اسلامی تحریک کے سینئر رہنما کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم یکم نومبر کو گلگت بلتستان آرہے ہیں، ہمیں امید ہیں کہ وہ اپنے دورے کے دوران جی بی کو صوبہ بنا کر اس خطے کو بڑا تحفہ دینگے۔ اسلامی تحریک پاکستان کے سینئر رہنما شیخ میرزا علی نے کہا ہے کہ جی بی کو الیکشن سے پہلے صوبہ بنایا جائے، ہم نے 1994 میں جی بی کو صوبہ بنانے کا مطالبہ کیا تھا، جس کی اب تمام جماعتیں حمایت کر رہی ہیں۔ حلقہ ایک گلگت نومل میں مرکزی کیمپیئن آفس کے افتتاح کے موقع پر انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی حق ملکیت کا نعرہ لگاکر اپنے مفاد کیلئے سیاست کر رہی ہے۔ وزیر اعظم یکم نومبر کو گلگت بلتستان آرہے ہیں، ہمیں امید ہیں کہ وہ اپنے دورے کے دوران جی بی کو صوبہ بنا کر اس خطے کو بڑا تحفہ دینگے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اسلامی تحریک کے رہنما و سابق صوبائی وزیر دیدار علی نے کہا کہ سی پیک جی بی کے دامن سے گزر رہا ہے جس میں جی بی کے عوام کو بھی حصہ ملنا چاہیے، ملک دشمن عناصر اس ملک کی سالمیت کو تباہ کرنا چاہتے ہیں۔ گلگت بلتستان کے عوام پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں، اس ملک کیخلاف ہر سازش کو ناکام بنائیں گے۔ تقریب سے سید نظام الدین و دیگر نے بھی خطاب کیا۔
