یمن میں آئینی حکومت کے دفاع کے لیے سرگرم عرب عسکری اتحاد نے ایک بیان میں کہا ہے کہ فوجی اتحاد بے جمعرات کے روز ایرانی حمایت یافتہ حوثی باغیوں کی سعودی عرب پر حملوں کی ایک بڑی سازش ناکام بنا دی۔
عرب اتحادی فوج کے ترجمان کرنل ترکی المالکی نے بتایا کہ حوثی باغیوں نے جمعرات کو سعودی عرب پر حملے اور شہریوں کو نشانہ بنانے کے لیے چھ بمبار ڈرون سعودی عرب کی طرف چھوڑے تاہم انہیں بروقت کارروائی کرکے تباہ کردیا گیا ہے۔
ترجمان نے حوثیوں کے ڈرون طیاروں کو نشانہ بنائے جانے کی ویڈیوز بھی جاری کی اور بتایا کہ حوثیوں کی طرف سے سعودی عرب کی سلامتی کو خطرے میں ڈالنے اور سعودی شہریوں کی زندگی کونقصان پہنچانے کی دانستہ سازش ناکام بنا دی گئی ہے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ حوثیوںنے جمعرات کو سعودی عرب پرحملے کے لیے چھ بمبار ڈرون بھیجے تھے جنہیں فضا ہی میں تباہ کر دیا گیا۔
المالکی کا کہنا تھا کہ حوثی باغی ایران کی ہدایت پر سعودی عرب پرحملے کررہے ہیں۔ حوثی باغیوں کی طرف سے ڈرون طیاروں کا استعمال بے گناہ شہریوں کی زندگی کو دائو پر لگانے کی دانستہ کوشش ہے۔
حوثیوں کی تازہ کارروائی مارب اور الجوف گورنریوں میں اتحادی فوج کی تازہ کامیاب کارروائیوں کے نتیجے میں ہونے والے نقصانات کا مایوس کن ردعمل ہے
