اسرائیل کا کہنا ہے کہ ایران سے جنگ کے دوران 28 شہری ہلاک اور 3 ہزار سے زائد زخمی ہوئے، ایران نے 550 بیلسٹک میزائل اور ایک ہزار کے قریب ڈرونز داغے۔
ٹائمز آف اسرائیل کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ ایران سے جنگ کے دوران 28 شہری ہلاک اور 3 ہزار سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔
میگن ڈیوڈ آدوم (ایم ڈی اے ) ایمبولینس سروس کے مطابق، جنگ بندی ہونے تک 28 شہریوں کی ہلاکت کی تصدیق ہوئی، جن میں سے4 شہری آج صبح ہلاک ہوئے۔
ایمبولینس سروس کے مطابق ان کے علاوہ 900 سے زائد شہریوں کو زخمی اور 401 افراد کو شدید ذہنی دباؤ یا خوف و ہراس میں مبتلا ہونے پر طبی امداد فراہم کی گئی۔
دوسری جانب، وزارت صحت نے کچھ مختلف اعداد و شمار جاری کیے ہیں، ان کے مطابق، 12 روزہ جنگ کے دوران 3 ہزار 238 افراد کو ہسپتالوں میں داخل کیا گیا، کئی زخمی افراد کو دیگر ریسکیو اداروں نے ہسپتال پہنچایا یا وہ خود اپنے طور پر وہاں پہنچے۔
اسرائیلی فوج کے مطابق ایران نے جنگ کے دوران تقریباً 550 بیلسٹک میزائل اور 1000 کے قریب ڈرونز اسرائیل پر داغے، جن میں سے زیادہ تر کو فضا ہی میں تباہ کر دیا گیا۔
تاہم، رپورٹ کے مطابق کم از کم 31 بیلسٹک میزائل آبادی والے علاقوں میں گرے، جبکہ صرف ایک ڈرون نے ایک گھر کو نشانہ بنایا۔