
کراچی: اطالوی بحریہ کا جہاز ITS ANTONIO MARCEGLIA تین روزہ خیرسگالی دورے پر کراچی پورٹ پہنچ گیا، یہ اطالوی بحریہ اور پاکستان نیوی کے درمیان دیرینہ بحری تعاون میں ایک اہم سنگ میل ہے۔

جہاز کی آمد پر شاندار استقبالیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا جہاں پاک بحریہ کے حکام نے جہاز کے کمانڈنگ آفیسر اور عملے کا پرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر پاکستان میں اٹلی کے سفیر سمیت اطالوی قونصلیٹ کے حکام بھی موجود تھے۔پورٹ کال کے دوران جہاز کا عملہ متعدد پیشہ ورانہ مصروفیات میں حصہ لے گا جن میں کراس شپ وزٹ، میری ٹائم سیکیورٹی پر بات چیت اور مشترکہ تربیتی سیشن شامل ہیں۔ یہ مصروفیات گہری باہمی افہام و تفہیم کو فروغ دینے، دوطرفہ بحری تعاون کو بڑھانے اور دونوں بحری افواج کے درمیان آپریشنل انٹرآپریبلٹی کو آگے بڑھانے کے لیے ڈیزائن کی گئی ہیں۔ یہ دورہ سی فیز پر اختتام پذیر ہو گا، جس میں جنگ سے متعلق مختلف مشقیں ہوں گی، جو دونوں بحری افواج کے ٹیکٹیکل کوآرڈینیشن اور میری ٹائم سکیورٹی آپریشنز کو بڑھانے کے لیے ڈیزائن کی گئی ہیں۔اطالوی بحریہ کے جہاز ITS ANTONIO MARCEGLIA کا دورہ دونوں ممالک کے درمیان بڑھتی ہوئی میری ٹائم شراکت داری کو تقویت دیتا ہے۔ یہ دونوں بحری افواج کے علاقائی استحکام کے لیے مل کر کام کرنے کے مشترکہ عزم کی بھی عکاسی کرتا ہے۔