لاہور (فرزانہ چوہدری ) حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان کی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر حمیرا طارق ،صدروسطی پنجاب نازیہ توحید صدر لاہور عظمی عمران نے سوات مینگورہ کے دل خراش سانحے پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا ہے -اپنے تعزیتی بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ سوات( مینگورہ) میں سیلابی ریلے کے المناک سانحے میں 18 افراد کا قیمتی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھنا انتہائی افسوسناک اور دکھ کا مقام ہے -انہوں نے کہا کہ سیلابی ریلے میں گھرے افراد کئی گھنٹوں تک مدد کے لیے پکارتے رہے لیکن بروقت امداد نہ پہنچ سکی۔جس سے سیاحت کے فروغ اور حفاظتی انتظامات کے حکومتی دعوؤں کی قلعی کھل گئی ۔یہ حادثہ صرف لواحقین ہی نہیں، پوری قوم کے لیے ایک تکلیف دہ لمحہ ہے۔.
ڈاکٹر حمیرا طارق نے کہا کہ گزشتہ چند سالوں میں تفریحی و سیاحتی مقامات پر ایسے حادثات کا تسلسل ، جن میں درجنوں افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں لیکن سیاجت کے فروغ کے دعوے کرنے والی حکومتیں نہ تو سیاحتی مقامات پر حفاظتی انتظامات کو بہتر بنا سکیں اور نہ فوری مدد کی فراہمی اور ریسکیو کے انتظامات بہتر ہو سکے – ذرائع آمدن سے لے کر اشیائے ضروریہ تک ٹیکس ادا کرنے والے عوام مشکل وقت میں جان کے حفاظتی انتظامات بھی نہ پاسکیں تو یہ پوری قوم کے لیے لمحہ فکریہ ہے- انہوں نے حکومت سے اپیل کی کہ خطرے کے لمحات سے نمٹنے کے لیے سیاحتی مقامات کے قریب بہترین اور تیز ترین ریسکیو سروس فراہم کی جائے ۔انھوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ اپنی جانوں کو خطرے میں نہ ڈالیں اور موسمی صورتحال میں ایسے مقامات کے سفر سے گریز کریں علاوہ ازیں ڈپٹی سیکریٹریز ڈاکٹر سمیحہ راحیل قاضی،ڈاکٹر زبیدہ جبیں،عفت سجاد،عائشہ سید عطیہ نثار اور طیبہ عاطف نے بھی اس سانحے پر گہرے رنج اور تعزیت کا اظہار کیا #
