سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈیپارٹمنٹ، ڈاکٹر رضوان نصیر نے پنجاب کے تمام اضلاع کی ماہ جون 2025کی آپریشنل کارکردگی کا جائزہ لیا۔لاہور( انٹر نیشنل کارسپونڈنٹ پنجاب ڈاکٹر انسب علی سے)ڈاکٹر رضوان نصیر نے کہا کہ پنجاب ایمرجنسی سروس (ریسکیو 1122)نے ماہ جون کے دوران پنجاب بھر میں 219,437 ایمرجنسیز پر رسپانس کرتے ہو ئے221,630ایمرجنسی متاثرین کو ریسکیوسروسز فراہم کیں۔انہوں نے گزشتہ ماہ کے دوران41,384روڈ ٹریفک حادثات،3,223 آتشزدگی کے واقعات اور159 ڈوبنے کے واقعات پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔
وہ گزشتہ روز ماہانہ آپریشنل کارکردگی کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے جس میں ایمرجنسی سروسز ڈیپارٹمنٹ کے ونگز کے سربراہان، صوبائی مانیٹرنگ آفیسر نے شرکت کی جبکہ ڈویژنل ایمرجنسی آفیسرز اور پنجاب بھر کے ضلعی ایمرجنسی افسران ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔ پنجاب بھر کے ضلعی ایمرجنسی افسران نے اہم ریسکیو آپریشن، حادثات و ایمرجنسیز،کیس اسٹڈیز،درپیش چیلنجز، قابل ذکر اقدامات سمیت اپنی آپریشنل کارکردگی کے بارے میں آگاہ کیا۔
ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشنز (DD Ops) نے بریفنگ دیتے ہوئے سیکریٹری ایمرجنسی سروسز کو بتایا کہ پنجاب ایمرجنسی سروس (ریسکیو 1122) نے گزشتہ ماہ جون کے دوران 219,437 ایمرجنسیز پر بروقت ایمرجنسی سروسز فراہم کیں،جن میں 146,200 میڈیکل ایمرجنسیز، 41,384 روڈ ٹریفک حادثات، 5,694 پھسلنے/گرنے کے واقعات، 5,039 ڈلیوری کیسز، 4,807 جرائم کی ایمرجنسی کال، 3,223 آتشزدگی کے واقعات، 2,471 کام کی جگہوں پر چوٹ لگنے کے واقعات، 1,609 جانوروں کو ریسکیو کرنے کے واقعات، 1,574 کرنٹ لگنے کے واقعات، 394 جھلسنے کے واقعات، 159 ڈوبنے کے واقعات، 92 عمارتیں کے گرنے کے واقعات اور 6,791 متفرق ریسکیو ایمرجنسیزشامل ہیں۔انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ماہ جون میں بارش اور آندھی سے متعلقہ143 ایمرجنسیز پر ریسکیو نے ریسپانس کیا جن میں 144 لوگوں کو ریسکیو کیا گیا جبکہ 22 افراد جاں بحق ہوئے۔
ایمرجنسی اعداد و شمار کے مطابق پنجاب میں گزشتہ ماہ کے دوران 41,384روڈ ٹریفک حادثات میں 370 افراد جاں بحق ہوئے۔ ان ٹریفک حادثات میں سے زیادہ تر 7,318ٹریفک حادثات لاہور میں ہوئے جن میں 24 افراد جاں بحق ہوئے اسی طرح فیصل آباد میں 2,754، ملتان میں 2,553، گوجرانوالہ میں 2,211، شیخوپورہ میں 1,487اور راولپنڈی میں 1,321جبکہ 23,740حادثات پنجاب کے باقی اضلاع میں رونما ہوئے۔اسی طرح آگ لگنے کے سب سے زیادہ واقعات بڑے اضلاع میں ہوئے جن میں لاہور میں 667کے ساتھ سرفہرست رہا جبکہ راولپندی میں 220، فیصل آباد میں 205، ملتان میں 146،گوجرانوالہ میں 136اورسیالکو ٹ میں 118واقعات پیش آئے۔
سیکرٹری ایمرجنسی سروسز، ڈاکٹر رضوان نصیر نے جون 2025 کے دوران 1,574 کرنٹ لگنے کے واقعات،92 عمارات گرنے کے واقعات اور159 ڈوبنے کی ایمرجنسیز پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے عوام الناس کو ہدایات کی کہ بجلی کے کھمبوں، سوئچوں، گیلے بجلی کے آلات سے دور رہیں، سیلابی و بارشی علاقہ جات میں جانے سے گریز کریں،بارشی موسم میں اپنے اور اپنے اہل خانہ کوکسی بھی ایمرجنسی سے محفوظ رکھنے کے لیے گھروں کی چھتوں، دیواروں اور نالوں کے اردگرد کا مسلسل جائزہ لیتے رہیں۔
