ہر بے گناہ پاکستانی کے خون کا بدلہ ضرور لیا جائے گا:
فیلڈ مارشل
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ ہر بے گناہ پاکستانی کے خون کا بدلہ ضرور لیا جائے گا اور پاکستان کے استحکام کو نقصان پہنچانے کی ہر کوشش کا فوری اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کور ہیڈ کوارٹرز پشاور کا دورہ کیا جہاں انہیں سکیورٹی صورتحال اور انسداد دہشت گردی آپریشنز پر بریفنگ دی گئی۔
آئی ایس پی آر نے بتایاکہ فیلڈ مارشل نے بنوں گیریژن کے واقعے کے شہدا کی نماز جنازہ میں شرکت کی اور بنوں سی ایم ایچ میں زخمیوں کی عیادت کی۔
فیلڈ مارشل نے سکیورٹی فورسز کے غیر متزلزل حوصلے اور جرات کو خراجِ تحسین پیش کیا اور کہاکہ پاکستانی قوم دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک اس کا مقابلہ کرنے کے لیے متحد ہے، دہشت گردوں کے تمام سہولت کاروں، مددگاروں اور مجرموں کا بے رحمی سے تعاقب کیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھاکہ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو ہر قیمت پر کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے گا اور خطے میں دہشت گردی کے اصل چہرے کو پوری دنیا کے سامنے بے نقاب کیا جائے گا۔
فیلڈمارشل کا کہنا تھاکہ ہر بے گناہ پاکستانی کے خون کا بدلہ ضرور لیا جائے گا اور پاکستان کے استحکام کو نقصان پہنچانے کی ہر کوشش کا فوری اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل نے قانون نافذ کرنے والے سول اداروں کی صلاحیت میں اضافے اور بالخصوص خیبر پختونخوا پولیس کی ادارہ جاتی صلاحیت میں اضافے کی ضرورت پر زور دیا اور اس ضمن میں فوری اور ترجیحی اقدامات کےلیے متعلقہ حکومتی اداروں پر زور دیا۔
فیلڈ مارشل نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی صلاحیت بڑھانے میں فوج کی حمایت کا اعادہ کیا۔
خیال رہے کہ شمالی وزیرستان کے علاقے میرعلی میں سکیورٹی فورسز کے قافلے پر حملے میں 13 فوجی شہید ہوگئے، فائرنگ کے تبادلے میں سکیورٹی فورسز نے 14 خوارج ہلاک کردیے۔