کراچی میں آئی جی سندھ غلام نبی میمن کی زیرصدارت اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا، جس میں ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی، ڈی آئی جیز اور دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں ڈویژنل ڈی آئی جیز نے اپنے اپنے علاقوں کی صورتحال پر بریفنگ دی۔
ڈی آئی جی سی آئی اے کراچی نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ شہر میں اغواء برائے تاوان کے واقعات تقریباً ختم ہو چکے ہیں۔ اس وقت صرف تین کیسز زیرِ تفتیش ہیں، جن میں ہنی ٹریپ کے ذریعے تاوان طلب کیا گیا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ کراچی میں اغواء برائے تاوان کا کوئی منظم گروہ موجود نہیں ہے، جبکہ سندھ حکومت کچے کے علاقوں میں مستقل امن کے قیام کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔ ڈی آئی جی کا کہنا تھا کہ "ہنی ٹریپ” ایک نیا چیلنج بن چکا ہے جو اغواء برائے تاوان کا مؤثر ذریعہ بن رہا ہے، اور اس کے سدباب کے لیے فوری اقدامات کی ضرورت ہے۔