اسلام آباد: (اسٹاف رپورٹر)
گیلپ پاکستان کی جانب سے جاری کردہ تازہ ترین سروے میں انکشاف ہوا ہے کہ خیبرپختونخوا کے عوام کی اکثریت صوبے میں دھرنوں اور احتجاج کی سیاست سے نالاں ہے اور وفاق کے ساتھ تعاون کو ترجیح دیتی ہے۔سروے کے نتائج کے مطابق 53 فیصد شہریوں نے مستقبل میں کسی بھی احتجاجی مظاہرے میں شرکت سے صاف انکار کر دیا، جب کہ صرف 40 فیصد نے ایسے مظاہروں میں شمولیت کی خواہش ظاہر کی۔اس کے علاوہ سروے میں یہ بھی سامنے آیا کہ صوبائی حکومت کی گزشتہ دھرنوں اور احتجاجی سرگرمیوں پر 60 فیصد عوام نے ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے عوامی فلاح و بہبود کے بجائے سیاسی احتجاج پر وقت ضائع کیا۔ صرف 32 فیصد افراد نے ماضی کے احتجاجی اقدامات کی حمایت کی۔دلچسپ بات یہ ہے کہ سروے میں شامل 85 فیصد افراد نے صوبائی حکومت کو وفاقی حکومت کے ساتھ مل کر چلنے کا مشورہ دیا، جب کہ پی ٹی آئی کے حامیوں میں بھی 86 فیصد نے وفاق سے تعاون کی حمایت کی۔اس کے باوجود، وفاق کے خلاف احتجاج کو 60 فیصد عوام نے ایک مؤثر حکمت عملی قرار دیا اور کہا کہ یہ تبدیلی لانے کا ایک ذریعہ ہو سکتا ہے۔سروے کے نتائج خیبرپختونخوا میں سیاسی حکمت عملیوں اور عوامی رجحانات میں اہم تبدیلی کی نشاندہی کرتے ہیں، جو آئندہ سیاسی فیصلوں پر گہرے اثرات ڈال سکتے ہیں۔
