افریقی ملک موزمبیق کی بندرگاہ "بیرا پورٹ” پر کھڑا اطالوی ملکیت کا بحری جہاز گیس فلیکن (Gas Falcon) مالی واجبات کی عدم ادائیگی کے باعث ضبط کر لیا گیا، جبکہ اس پر سوار پاکستانی عملے کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق جہاز پر موجود عملہ شدید خطرے سے دوچار ہے۔ خوراک اور پانی کی قلت نے حالات کو مزید سنگین بنا دیا ہے۔ ریفریجریٹرز خالی ہو چکے ہیں، سبزیاں، گوشت اور دیگر اشیائے خورونوش ختم ہو چکی ہیں۔
جہاز کے کپتان اسلم نے نجی نیوز سے گفتگو میں کہا کہ جہاز کی حالت دن بہ دن ابتر ہو رہی ہے۔ "اے سی بند ہو چکا ہے، جلد ایمرجنسی لائٹس بھی بجھ جائیں گی، موبائل رابطہ بھی منقطع ہونے والا ہے۔”
کیپٹن نے بتایا کہ بھارتی عملے کو ان کے ملک کے ڈائریکٹوریٹ آف پورٹ شپنگ نے فوری طور پر ریسکیو کر لیا ہے، لیکن پاکستانی حکام کی جانب سے کوئی فوری کارروائی نہیں کی گئی۔ کیپٹن اسلم نے مزید کہا کہ ڈی جی پورٹس عالیہ شاہد سے رابطہ کیا گیا مگر تاحال کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔
ان کا کہنا ہے کہ اگر موزمبیق حکام جہاز میں موجود ایل پی جی (LPG) کو فوری فروخت کر دیں تو ممکن ہے کہ مالی مسئلہ حل ہو جائے اور عملے کو رہائی مل سکے۔
یہ واقعہ بیرون ملک موجود پاکستانیوں کی حفاظت سے متعلق حکومتی غفلت پر ایک سوالیہ نشان بن چکا ہے۔ فوری سفارتی اقدام کی اشد ضرورت ہے تاکہ پاکستانی عملے کو محفوظ طریقے سے وطن واپس لایا جا سکے۔