لندن/اسلام آباد:
رائل انٹرنیشنل ایئر ٹیٹو شو 2025 میں پاک فضائیہ نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دو اہم بین الاقوامی اعزازات اپنے نام کر لیے۔ اس عالمی شہرت یافتہ فضائی نمائش میں پاکستانی JF-17C بلاک III اور سی 130 طیاروں نے نمایاں کامیابیاں حاصل کیں، جس پر پوری قوم کو فخر ہے۔پاک فضائیہ کے جدید لڑاکا طیارے JF-17C بلاک III نے اپنی بےمثال پرواز، جدید ٹیکنالوجی اور تکنیکی مہارت کے باعث "Spirit of the Meet Trophy” اپنے نام کی۔ یہ اعزاز ان طیاروں کو دیا جاتا ہے جو ایئر شو میں بہترین پیشکش اور فنی مہارت کا عملی مظاہرہ کریں۔دلچسپ امر یہ ہے کہ JF-17C نے پاکستان سے برطانیہ تک مسلسل نان اسٹاپ پرواز کی، جو کہ ایئر ٹو ایئر ریفیولنگ کے جدید نظام کے ذریعے ممکن بنائی گئی — یہ مظاہرہ نہ صرف پاکستان کی تکنیکی خود کفالت کا غماز ہے بلکہ دنیا کے سامنے اس کی دفاعی صلاحیتوں کا اعتراف بھی ہے۔دوسری جانب پاک فضائیہ کے C-130 طیارے نے بھی اپنی کلاس میں پہلی پوزیشن حاصل کرتے ہوئے "Concours d’Elegance Trophy” جیت لی۔ یہ ٹرافی ان طیاروں کو دی جاتی ہے جو خوبصورتی، تیاری، اور مجموعی پریزنٹیشن میں نمایاں ہوں۔یہ تاریخی کامیابی برطانیہ میں ہونے والے ایئر ٹیٹو جیسے دنیا کے سب سے بڑے ملٹری ایوی ایشن شو میں حاصل کی گئی ہے، جو کہ پاکستان کے ایوی ایشن سیکٹر کی پیشہ ورانہ مہارت اور عالمی معیار کی عکاسی کرتا ہے۔پاکستانی ماہرینِ ہوا بازی اور دفاعی تجزیہ نگار اس کامیابی کو "نئے دفاعی سفیر” کے طور پر دیکھ رہے ہیں، جو نہ صرف پاکستان کے مثبت تشخص کو فروغ دے گی بلکہ JF-17C جیسے مقامی سطح پر تیار کردہ طیاروں کی عالمی مارکیٹ میں پذیرائی میں بھی مددگار ہوگی۔
