اسلام آباد / مظفرآباد – 19 جولائی 2025
آج دنیا بھر میں کشمیری عوام یوم الحاق پاکستان جوش و جذبے سے منا رہے ہیں۔ یہ دن 19 جولائی 1947 کی اس تاریخی قرارداد کی یاد میں منایا جاتا ہے جب آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس کے اجلاس میں پاکستان سے الحاق کا فیصلہ کیا گیا تھا۔
تاریخی اجلاس سردار محمد ابراہیم خان کی رہائشگاہ پر منعقد ہوا تھا، جہاں جموں و کشمیر کے حقیقی عوامی نمائندوں نے لاکھوں کشمیری مسلمانوں کی امنگوں کے مطابق پاکستان سے الحاق کی قرارداد متفقہ طور پر منظور کی تھی۔
پاکستانی قیادت کے پیغامات
صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا:
"یوم الحاق کشمیریوں کے پاکستان کے ساتھ فطری، دینی، ثقافتی اور نظریاتی رشتے کی علامت ہے۔ کشمیری عوام کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔”
وزیر اعظم شہباز شریف نے کشمیریوں کے جذبۂ آزادی کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا: "کشمیریوں کی قربانیوں کی داستان دہائیوں پر محیط ہے، اور وقت گزرنے کے ساتھ ان کے عزم میں مزید اضافہ ہوا ہے۔ دس لاکھ بھارتی فوج بھی ان کے جذبے کو توڑنے میں ناکام رہی۔ پاکستان کشمیری عوام کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔”
دیگر رہنماؤں کے تاثرات:وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی: "یوم الحاق تاریخ کی وہ صبح ہے جو ظلم، جبر اور بندوق کی گونج میں بھی نہ مٹ سکی۔ شہداء کو سلام پیش کرتے ہیں۔”وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق: "پاکستان سے محبت کشمیریوں کے جسم و جاں میں خون بن کر دوڑتی ہے۔”وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف: "کشمیریوں کی لازوال قربانیاں تاریخ کا روشن باب ہیں۔”سینیٹر شیری رحمٰن: "پاکستان عالمی فورمز پر کشمیریوں کے حق میں آواز بلند کرتا رہے گا۔”وفاقی وزیر امیر مقام: "کشمیری عوام کا عزم ناقابل شکست ہے۔”مشعال ملک: "یوم الحاق پاکستان کے ساتھ کشمیریوں کی امید، محبت اور یقین کی علامت ہے۔”سیاسی، مذہبی و سماجی حلقوں نے بھی کشمیری عوام کی جدوجہد کو سراہا اور بھارتی مظالم کی شدید مذمت کی ہے۔