اسلام آباد (محمد سلیم سے ) – وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف سے معروف پاکستانی ڈیجیٹل کونٹینٹ کریئیٹر طلحہ احمد نے وزیراعظم ہاؤس میں خصوصی ملاقات کی۔ اس موقع پر وزیراعظم نے طلحہ احمد کے ڈیجیٹل پلیٹفارم پر تخلیق کردہ مثبت اور بامقصد مواد کی تعریف کی اور اُن کی خدمات کو سراہا۔
وزیراعظم نے طلحہ احمد کو ان کے ٹیلنٹ اور ڈیجیٹل میڈیا کے میدان میں نمایاں کارکردگی کے اعتراف میں ایک اعزازی شیلڈ پیش کی۔ اس کے ساتھ ساتھ وزیراعظم نے انہیں ذاتی طور پر ایک جدید الیکٹرانک ٹیبلیٹ بھی تحفے میں دیا، تاکہ وہ اپنی تخلیقی سرگرمیوں کو مزید بہتر انداز میں جاری رکھ سکیں۔
وزیراعظم نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کا ڈیجیٹل میڈیا پر مثبت کردار ملک کا روشن چہرہ دنیا کے سامنے پیش کرنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نوجوان ٹیلنٹ کی سرپرستی جاری رکھے گی اور ہر ممکن وسائل فراہم کیے جائیں گے تاکہ پاکستان کا نام عالمی سطح پر روشن ہو۔
ملاقات کے اختتام پر طلحہ احمد نے وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ مستقبل میں بھی قومی بیانیے کو فروغ دینے والے بامقصد اور تعمیری مواد پر کام جاری رکھیں گے۔