تل ابیب / صنعا (بین الاقوامی ذرائع) — یمن میں حوثی تحریک نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے جمعہ کی شب اسرائیل کے سب سے بڑے ہوائی اڈے بن گوریان ایئرپورٹ پر ایک ہائپرسونک بیلسٹک میزائل سے حملہ کیا ہے، جسے "فلسطین 2” کا نام دیا گیا ہے۔
حوثی عسکری ترجمان یحییٰ سریع نے ایک بیان میں کہا کہ حملہ مکمل طور پر کامیاب رہا، جس کے نتیجے میں ایئرپورٹ کی سرگرمیاں بند ہوگئیں اور لاکھوں شہری پناہ گاہوں میں چلے گئے۔
دوسری جانب، اسرائیلی فوج نے بھی اس میزائل حملے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ یمن کی سمت سے ایک بیلسٹک میزائل داغا گیا، جسے روکنے کے لیے فضائی دفاعی نظام کو فعال کیا گیا۔ میزائل حملے کے بعد تل ابیب سمیت کئی علاقوں میں ایئر سائرن بجائے گئے، جس سے خوف و ہراس پھیل گیا۔
اسرائیلی نشریاتی ادارے چینل 12 کے مطابق یہ گزشتہ 48 گھنٹوں میں یمن سے اسرائیل پر دوسرا میزائل حملہ ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اس حملے کے باعث بن گوریان ایئرپورٹ پر پروازوں کی آمد و رفت عارضی طور پر روک دی گئی ہے۔
تاحال اسرائیلی حکام کی جانب سے حملے میں کسی قسم کے جانی یا مالی نقصان کی تصدیق نہیں کی گئی، جبکہ آزاد ذرائع سے بھی حوثی دعوے کی تصدیق ممکن نہیں ہو سکی۔