اسلام آباد: وزارت سمندر پار پاکستانی نے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی کو آگاہ کیا ہے کہ اس وقت دنیا کے 76 ممالک میں 21,406 پاکستانی شہری مختلف الزامات کے تحت قید ہیں، جن میں سب سے زیادہ تعداد سعودی عرب میں ہے۔سینیٹ کمیٹی کو دی گئی رپورٹ کے مطابق:سعودی عرب میں قید پاکستانیوں کی تعداد 10,423 ہے۔متحدہ عرب امارات میں 5,297 پاکستانی قید ہیں۔ترکی میں 1,437 پاکستانی جیلوں میں ہیں۔
بھارت میں 738 پاکستانی شہری سزائیں کاٹ رہے ہیں۔
وزارت کے مطابق کئی پاکستانی محض جرمانے ادا نہ کر سکنے کی وجہ سے قید کاٹ رہے ہیں۔ مزید یہ کہ 14 ممالک سے ابھی تک قیدیوں کا مکمل ریکارڈ موصول نہیں ہوا، جس کے باعث اصل تعداد اس سے بھی زیادہ ہو سکتی ہے۔وزارت خارجہ کی ایک علیحدہ رپورٹ کے مطابق مئی 2025 تک دنیا بھر میں 23,000 سے زائد پاکستانی قید تھے، جن میں بڑی تعداد سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، چین، بحرین، قطر اور ملائشیا کی جیلوں میں موجود ہے۔
کمیٹی ارکان نے زور دیا کہ حکومت ان قیدیوں کی مدد کے لیے قونصلر سروسز بہتر بنائے، جرمانوں کی ادائیگی کے لیے فنڈز قائم کیے جائیں اور متعلقہ ممالک سے معاہدے کر کے قیدیوں کی وطن واپسی کے اقدامات کیے جائیں۔