روم / برلن – 2023 میں اٹلی کے شمالی علاقے میں ایک نوجوان جاگر کی ہلاکت میں ملوث مادہ ریچھ JJ4 کو کئی ماہ کی قانونی جنگ اور عوامی احتجاج کے بعد آخرکار جرمنی کے ایک وائلڈ لائف سنکچوری (جنگلی حیات کے محفوظ مرکز) میں منتقل کر دیا گیا ہے۔12 اپریل 2023 کو 26 سالہ آندریا پیپی نامی نوجوان جاگر شمالی اٹلی کے علاقے ٹرینٹینو کے پہاڑی جنگلات میں دوڑنے گیا تھا۔ کچھ ہی دیر بعد اس کی لاش بری طرح زخمی حالت میں ملی۔ فرانزک شواہد اور ڈی این اے تجزیے سے پتہ چلا کہ اس پر حملہ JJ4 نامی مادہ ریچھ نے کیا تھا، جو اس علاقے میں آزاد گھوم رہی تھی۔
واقعے کے بعد ٹرینٹینو کے حکام نے JJ4 کو "خطرناک” قرار دیتے ہوئے اسے مارنے (یعنی یوتھانائز کرنے) کا فیصلہ کیا۔ لیکن اس فیصلے کے خلاف نہ صرف اٹلی بلکہ بین الاقوامی سطح پر جانوروں کے حقوق کی تنظیموں نے شدید احتجاج کیا۔
عدالت نے وقتی طور پر JJ4 کو مارنے پر پابندی لگا دی اور کیس عدالتوں میں زیرِ سماعت رہا۔ بالآخر ایک معاہدے کے تحت یہ طے پایا کہ JJ4 کو زندہ رکھا جائے گا مگر اسے انسانوں سے دور کسی محفوظ جگہ پر قید رکھا جائے گا۔
اب JJ4 کو جرمنی کے جنوبی علاقے میں واقع بینزبرگ وائلڈ لائف سنکچوری منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں وہ دیگر ریچھوں کے ساتھ ایک محدود اور محفوظ ماحول میں زندگی گزارے گی۔