اسلام آباد بیورو رپورٹ محمد سلیم سے حکومت نے رواں مالی سال 2025-26 کی پہلی سہ ماہی کے لیے ترقیاتی فنڈز یکمشت جاری کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق اس فیصلے کے تحت تمام وزارتوں اور ڈویژنز کو پہلی سہ ماہی کے 15 فیصد ترقیاتی بجٹ کی منظوری دی جا چکی ہے، جو کہ 141 ارب روپے سے زائد کی رقم بنتی ہے۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ ترقیاتی فنڈز کے اجراء کے لیے وزارتِ منصوبہ بندی نے اپ فرنٹ ون لائنر اتھارائزیشن جاری کر دی ہے۔ اس اتھارائزیشن کی کاپیاں تمام وفاقی وزارتوں اور ڈویژنز کو ارسال کر دی گئی ہیں تاکہ وہ فوری طور پر ترقیاتی منصوبوں پر کام کا آغاز کر سکیں۔
واضح رہے کہ رواں ماہ کے آغاز میں وزارتِ خزانہ نے وفاقی ترقیاتی بجٹ جاری کرنے کے لیے جامع حکمت عملی مرتب کی تھی۔ اس حکمت عملی کے تحت ترقیاتی فنڈز کی تقسیم چار مراحل میں کی جائے گی:
پہلی سہ ماہی میں 15 فیصد۔
دوسری سہ ماہی میں 20 فیصد
تیسری سہ ماہی میں 25 فیصد
چوتھی سہ ماہی میں 40 فیصد
ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ ترقیاتی بجٹ کے تحت فنڈز اسٹیٹ بینک آف پاکستان سے براہ راست جاری نہیں کیے جائیں گے بلکہ ان فنڈز کا پہلے پری آڈٹ کیا جائے گا تاکہ مالی شفافیت اور منصوبوں کی درست نگرانی کو یقینی بنایا جا سکے۔
یہ فیصلہ نہ صرف ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لیے اہم ہے بلکہ اس سے ملک میں اقتصادی سرگرمیوں کو بھی فروغ ملنے کی امید ہے۔