سیالکوٹ:(وقاص احمد وڑائچ سے )
ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کی روک تھام اور شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے سیالکوٹ میں ای چالان سسٹم کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔
اس جدید نظام کے تحت شہریوں کی جانب سے کی جانے والی خلاف ورزیوں پر چالان بذریعہ کوریئر اُن کے گھروں تک بھیجے جائیں گے جبکہ رجسٹرڈ موبائل نمبرز پر بھی نوٹس جاری کیا جائے گا۔
سمارٹ سیف سٹی سیالکوٹ کے مطابق یہ نظام مکمل فعال کرنے سے قبل مختلف تجرباتی مراحل سے گزارا گیا، جن میں شہریوں کو وارننگ اور محدود جرمانے جاری کیے گئے۔
شہر بھر میں 58 مقامات پر 200 سے زائد جدید کیمرے نصب کیے گئے ہیں جو آرٹیفیشل انٹیلیجنس (AI) اور خودکار نمبر پلیٹ شناختی نظام (ANPR) سے لیس ہیں۔ یہ کیمرے:ریڈ سگنل کی خلاف ورزی
بغیر ہیلمٹ سواری
ٹرپل سواری
موبائل فون پر بات
ون وے کی خلاف ورزی
جیسے جرائم خودکار طور پر ریکارڈ کرتے ہیں اور فوری ای چالان جاری کرتے ہیں۔
کمانڈر آپریشنز سیف سٹی سیالکوٹ، ڈی ایس پی ساجد حمید ورک کے مطابق: "اب کوئی بھی فرد ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کر کے بچ نہیں سکے گا، کیمرے شفاف اور خودکار طریقے سے کارروائی کریں گے۔”
یہ اقدام نہ صرف قانون کی عملداری کو مضبوط کرے گا بلکہ کرپشن کے خاتمے، سڑکوں کی حفاظت اور شہری نظم و ضبط کو بھی یقینی بنائے گا۔حکام کی جانب سے شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ ٹریفک قوانین کی مکمل پابندی کریں تاکہ حادثات سے بچا جا سکے اور سیالکوٹ کو ایک محفوظ و ماڈرن شہر بنایا جا سکے۔