اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے الزام عائد کیا ہے کہ پی ٹی آئی رہنماؤں کو دی جانے والی سزائیں قانونی تقاضوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے سنائی گئی ہیں۔
اسلام آباد میں پی ٹی آئی رہنما سلمان اکرم راجہ کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ پارٹی ابتدا سے ہی شفاف ٹرائل کا مطالبہ کر رہی ہے اور انہیں بھی صفائی کا موقع ملنا چاہیے تھا۔
انہوں نے کہا کہ آئین اور قانون کے مطابق ایک ہی الزام کی بنیاد پر متعدد کیسز نہیں چل سکتے، بلکہ تمام الزامات کو ایک ہی مقدمے میں سنا جانا چاہیے۔ ’’ہم نے اس حوالے سے سپریم کورٹ میں پٹیشن بھی دائر کی، لیکن آج تک اس پر کوئی فیصلہ نہیں آیا،‘‘ انہوں نے شکایت کی۔چیئرمین پی ٹی آئی نے بتایا کہ سپریم کورٹ نے بھی ٹرائل کورٹ کو حکم دیا تھا، اس کے باوجود کیس کو نہیں روکا گیا۔ ’’یہ تیسرا مقدمہ ہے جس میں ہمارے رہنماؤں کو 10، 10 سال قید کی سزائیں سنائی گئی ہیں،‘‘ انہوں نے واضح کیا۔بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ یہ تمام سزائیں انصاف کے تقاضوں اور قانونی طریقہ کار کو نظر انداز کرتے ہوئے دی گئی ہیں، اور عدلیہ کے متنازع فیصلوں کی فہرست میں آج ایک اور باب کا اضافہ ہو گیا ہے۔