مظفرآباد سٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی جاری کردہ تازہ رپورٹ کے مطابق آزاد جموں و کشمیر میں حالیہ مون سون 2025ء کی تازہ صورتِ حال نہایت تشویشناک ہوتی جا رہی ہے۔۔
حالیہ شدید بارشوں کے نتیجے میں اب تک کل 76 مکانات کو نقصان پہنچا جن میں سے 18 مکمل تباہ اور 58 جزوی طور پر متاثر ہوئے ہیں، جبکہ 6 دکانیں بھی مکمل طور پر منہدم ہو گئی ہیں۔ضلع حویلی، پونچھ، سدھنوتی، مظفرآباد، کوٹلی، جہلم ویلی اور نیلم سب سے زیادہ متاثر اضلاع میں شامل ہیں۔ ضلع کوٹلی اور حویلی میں متعدد دیہات بری طرح متاثر ہوئے جبکہ پونچھ میں چار گھروں اور تین دکانوں کے مکمل تباہ ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔دوسری جانب، یکم جون سے اب تک جاری نقصانات کی مجموعی رپورٹ کے مطابق 193 مکانات، 23 دکانیں، 6 مویشی، اور کئی کمرشل و زرعی اثاثے متاثر ہو چکے ہیں۔ مختلف اضلاع میں 9 افراد جاں بحق اور 19 زخمی ہوئے۔مظفرآباد، جہلم ویلی اور نیلم میں کئی اہم سڑکیں، پل اور پانی کی چکیاں بھی تباہ ہو چکی ہیں، جبکہ مظفرآباد میں 6 گھر لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے میں ہیں۔