اسلام آباد: وزیرِاعظم محمد شہباز شریف نے ملک بھر میں حالیہ بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو و ریلیف آپریشنز کو مزید تیز اور مؤثر بنانے کی ہدایت جاری کی ہے۔
وزیرِاعظم نے لینڈ سلائیڈنگ کے باعث بند ہونے والی اہم شاہراہوں، خصوصاً شاہراہِ قراقرم اور ناران-بابوسر-چلاس شاہراہ کی فوری بحالی کے احکامات جاری کیے، تاکہ پھنسے ہوئے مسافروں کو جلد از جلد نکالا جا سکے۔
انہوں نے چیف سیکریٹری گلگت بلتستان کو ہدایت دی کہ جو مسافر سڑکیں بند ہونے کی وجہ سے متاثر ہوئے ہیں، ان کے لیے رہائش، خوراک اور دیگر بنیادی سہولیات کی فوری فراہمی یقینی بنائی جائے۔
وزیرِاعظم نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ممکنہ وباؤں کے پھیلاؤ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فوری طبی اقدامات کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ مون سون کے آئندہ اسپیلز کے لیے این ڈی ایم اے، پی ڈی ایم ایز، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے ڈیزاسٹر مینجمنٹ ادارے مشترکہ لائحہ عمل تیار کریں۔
وزیرِاعظم نے شہری علاقوں میں نکاسی آب اور سیوریج کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے میونسپل اداروں کو بھی فعال کردار ادا کرنے کی ہدایت دی۔
وزیرِاعظم شہباز شریف نے ملک بھر میں حالیہ بارشوں، سیلاب اور حادثات میں ہونے والے جانی و مالی نقصانات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کی بلندیِ درجات اور لواحقین کے لیے صبر کی دعا کی ۔