ہینلے اینڈ پارٹنرز نے جولائی تا دسمبر 2025 کے لیے دنیا کے طاقتور ترین پاسپورٹس کی نئی درجہ بندی جاری کر دی ہے، جس میں ایشیا کے تین ممالک نے سبقت حاصل کی ہے۔
سنگاپور ایک بار پھر پہلے نمبر پر براجمان ہے، جس کے شہری 193 ممالک میں بغیر ویزا یا ویزا آن ارائیول کے ساتھ سفر کر سکتے ہیں۔
جاپان اور جنوبی کوریا مشترکہ طور پر دوسرے نمبر پر موجود ہیں، جن کے شہری 190 ممالک میں ویزا فری سفر کر سکتے ہیں۔
تیسرا نمبر جرمنی، فرانس، اٹلی، اسپین، ڈنمارک اور فن لینڈ سمیت 6 یورپی ممالک کا ہے جنہیں 189 ممالک میں ویزا فری رسائی حاصل ہے۔
امریکہ اس بار دسویں نمبر پر آ گیا ہے، اور رپورٹ کے مطابق وہ ٹاپ 10 سے باہر ہونے کے قریب ہے۔
دوسری جانب، پاکستان کا پاسپورٹ دنیا کے کمزور ترین پاسپورٹس میں شامل ہے۔ پاکستان کو صومالیہ اور یمن کے ساتھ مشترکہ طور پر 96ویں نمبر پر رکھا گیا ہے، اور پاکستانی شہریوں کو صرف 32 ممالک میں ویزا فری سفر کی سہولت حاصل ہے۔
افغانستان، شام اور عراق دنیا کے سب سے کمزور پاسپورٹس کے حامل ممالک میں شامل ہیں۔
رپورٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات نے غیرمعمولی ترقی کرتے ہوئے اب آٹھویں نمبر پر جگہ بنا لی ہے، جبکہ چین نے بھی پچھلے دس سالوں میں اپنی درجہ بندی میں نمایاں بہتری حاصل کی ہے۔