واشنگٹن: سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے 2016 کے صدارتی انتخابات میں مبینہ روسی مداخلت کی تحقیقات کے تناظر میں سابق صدر باراک اوباما پر شدید تنقید کی ہے، اور انہیں "غداری” جیسے سنگین الزام کا نشانہ بنایا ہے۔
ٹرمپ نے اپنے بیان میں کہا کہ "وقت آ گیا ہے کہ جھوٹے الزامات لگانے والوں کے خلاف کارروائی ہو۔ اوباما کو اس سازش میں رنگے ہاتھوں پکڑا گیا ہے۔ اُن کا کردار ریاست کے خلاف بغاوت کے مترادف ہے۔”
ٹرمپ کے مطابق سابق صدر اوباما نے ہیلری کلنٹن اور دیگر سیاسی شخصیات کے ساتھ مل کر ٹرمپ انتظامیہ کو غیر مستحکم کرنے کی سازش کی۔
ادھر امریکی میڈیا نے بتایا کہ سابق کانگریس وومن اور نیشنل انٹیلیجنس ڈائریکٹر تلسی گبارڈ کے مطابق، اوباما انتظامیہ کے اہلکاروں نے مبینہ طور پر "روسی مداخلت” کا بیانیہ خود گھڑا تاکہ ٹرمپ کو کمزور کیا جا سکے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ ٹرمپ نے تلسی کے بیان کے بعد سوشل میڈیا پر ایک اے آئی ویڈیو بھی شیئر کی، جس میں اوباما کی گرفتاری کو دکھایا گیا۔
یاد رہے، 2016 میں ڈونلڈ ٹرمپ نے حیران کن طور پر ڈیموکریٹک امیدوار ہیلری کلنٹن کو شکست دی تھی، جس کے بعد روسی مداخلت کا بیانیہ عالمی میڈیا پر چھایا رہا۔ اس پر کئی ماہ تک تفتیشی رپورٹس اور کانگریسی سماعتیں ہوئیں، لیکن اب اس پر دوبارہ سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔