کوالالمپور:
ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم نے عالمی برادری کو جھنجھوڑتے ہوئے کہا ہے کہ غزہ میں جاری المیہ صرف ایک خطے کا مسئلہ نہیں بلکہ پوری انسانیت کا اخلاقی امتحان ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ "غزہ میں معصوم بچوں اور پورے خاندانوں کا قتل عام ہو رہا ہے، لوگ بھوک سے مر رہے ہیں، انسانی وقار پامال ہو رہا ہے۔ یہ دنیا کے بنیادی اخلاقی اصولوں کی سنگین خلاف ورزی ہے۔”
انہوں نے عالمی رہنماؤں سے اپیل کی کہ اب وقت ہے کہ ایک آواز ہو کر بات کی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ "جو حکومتیں انسانی زندگی کی قدر کرتی ہیں، وہ خاموشی ترک کریں اور فیصلہ کن اقدام کریں۔”
انور ابراہیم نے اسرائیل پر اثر و رسوخ رکھنے والے ممالک، خصوصاً امریکا سے مطالبہ کیا کہ وہ غزہ میں بمباری، قتل عام روکنے اور امداد کی بلارکاوٹ فراہمی کے لیے اسرائیل پر دباؤ ڈالیں۔
انہوں نے خبردار کیا کہ "ایسا نہ ہو کہ تاریخ ہمیں خاموش تماشائیوں کے طور پر یاد رکھے۔”
آخر میں انہوں نے کہا: "یہ وقت ہے اپنی انسانیت کے دفاع کا، اپنے ضمیر کی آواز پر لبیک کہنے کا، اور امن کی راہ میں عملی کردار ادا کرنے کا۔”