اسلام آباد: ملک بھر میں سوشل میڈیا خاص طور پر واٹس ایپ پر نوجوانوں کو جعلی ملازمتوں اور فری لانسنگ کے مواقع کا جھانسہ دے کر بلیک میل کرنے والے گروہوں کے خلاف نیشنل سائبر سیکیورٹی اداروں نے الرٹ جاری کر دیا ہے۔
نیشنل سائبر ایمرجنسی ریسپانس ٹیم (سرٹ) کی رپورٹ کے مطابق ایسے گروہ واٹس ایپ گروپس بنا کر نوجوانوں، طلبہ اور فری لانسرز کو شامل کرتے ہیں، جہاں ابتدا میں نوکری یا آن لائن کام کا وعدہ کیا جاتا ہے، بعد ازاں گروپ میں قابل اعتراض اور فحش مواد دکھا کر متاثرہ افراد کو بلیک میل کیا جاتا ہے۔
یہ گروہ خود کو قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار ظاہر کرکے متاثرین سے بھاری رقم — اکثر 10 سے 15 لاکھ روپے — وصول کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ متاثرہ افراد کو نفسیاتی دباؤ میں لا کر ان سے معلومات اور رقم بٹوری جاتی ہے۔
نیشنل سرٹ نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ سوشل میڈیا اور میسجنگ ایپس پر غیر مصدقہ نوکریوں کی پیشکشوں سے ہوشیار رہیں، اپنی پرائیویسی سیٹنگز سخت کریں، اور مشکوک گروپس یا روابط سے فوری کنارہ کشی اختیار کریں۔
عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ اگر کسی کو ایسی کوئی مشتبہ سرگرمی یا بلیک میلنگ کا سامنا ہو تو فوری طور پر نیشنل سائبر کرائم ونگ، پی ٹی اے یا نیشنل سرٹ کو رپورٹ کریں تاکہ بروقت کارروائی ممکن ہو سکے۔