اسلام آباد: عالمی رپورٹ کے مطابق 2023-24 میں سب سے زیادہ لوگ جنہوں نے اپنا ملک چھوڑا، وہ پاکستانی تھے۔ رپورٹ کے مطابق تقریباً 16 لاکھ پاکستانی بہتر روزگار، زندگی اور مستقبل کی تلاش میں بیرونِ ملک چلے گئے۔
اقوام متحدہ کی "ورلڈ پاپولیشن پروسپیکٹس 2025” رپورٹ کے مطابق اس فہرست میں سودان دوسرے نمبر پر ہے جہاں سے 14 لاکھ افراد نے ملک چھوڑا، جبکہ بھارت تیسرے نمبر پر رہا جہاں سے 10 لاکھ سے زائد شہری بیرونِ ملک منتقل ہوئے۔
ماہرین کے مطابق پاکستان سے لوگوں کی بڑے پیمانے پر ہجرت کی ایک بڑی وجہ ملک میں معاشی غیر یقینی، روزگار کی کمی، سیاسی عدم استحکام اور مہنگائی ہے۔
یہ اعداد و شمار شہباز شریف حکومت کے دور میں سامنے آئے ہیں، جس کے دوران لاکھوں نوجوان اور ہنرمند افراد ملک سے باہر جانے پر مجبور ہوئے۔
رپورٹ کے مطابق یہ رجحان نہ صرف معاشی نقصانات کا باعث بن سکتا ہے بلکہ مستقبل میں ہنرمند افرادی قوت کی قلت کا بھی سبب بنے گا۔