ماسکو: (انٹرنیشنل مانٹرینگ ڈیسک )
روس میں ایک اور بڑے فضائی حادثے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے، جہاں 50 مسافروں کو لے کر اُڑنے والا ایک مسافر طیارہ اچانک لاپتہ ہو گیا ہے۔ روسی ساختہ An-24 طیارہ امور کے علاقے سے پرواز کے بعد ٹِنڈا شہر کی جانب جا رہا تھا، جو چین کی سرحد کے قریب واقع ہے۔
ایوی ایشن حکام کے مطابق، ایئر ٹریفک کنٹرول کو طیارے کی آخری لوکیشن اس کے لینڈنگ پوائنٹ سے کچھ کلومیٹر پہلے تک موصول ہوئی، جس کے بعد اس کا کسی بھی قسم کا رابطہ منقطع ہو گیا ہے۔ اب تک طیارے کا کوئی سراغ نہیں مل سکا، نہ ہی اس سے دوبارہ کوئی کمیونیکیشن قائم کی جا سکی ہے۔
ریسکیو ٹیمیں ممکنہ کریش سائٹ کی تلاش میں روانہ کر دی گئی ہیں، جبکہ متعلقہ حکام نے ہنگامی حالت کا اعلان کر دیا ہے۔ موسم کی صورتحال اور علاقے کی جغرافیائی پیچیدگی کے باعث سرچ آپریشن میں دشواریوں کا سامنا ہے۔
ایوی ایشن حکام، فوجی اہلکار اور ریسکیو ٹیمیں مشترکہ طور پر اس تلاش میں مصروف ہیں، اور عوام سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ اگر کسی کو طیارے سے متعلق کوئی اطلاع ہو تو فوراً حکام سے رابطہ کریں۔
ابھی تک کسی حادثے کی سرکاری طور پر تصدیق نہیں ہوئی، لیکن طیارے کی گمشدگی نے مسافروں کے اہل خانہ اور ملک بھر میں تشویش کی لہر دوڑا دی ہے۔