اسلام آباد: (بیورو رپورٹ محمد سلیم سے )
سعودی عرب کی رائل نیول فورسز کے چیف آف دی نیول اسٹاف، وائس ایڈمرل محمد بن عبدالرحمن الغریبی نے نیول ہیڈکوارٹر، اسلام آباد کا دورہ کیا جہاں ان کی ملاقات پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف سے ہوئی۔نیول ہیڈکوارٹر آمد پر مہمانِ خصوصی کا استقبال پاک بحریہ کے سربراہ نے خود کیا۔ اس موقع پر پاک بحریہ کے چاک و چوبند دستے نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا۔ بعد ازاں مہمانِ خصوصی کا تعارف نیول ہیڈکوارٹر کے پرنسپل اسٹاف آفیسرز سے کرایا گیا۔ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے بحری سربراہان نے باہمی دلچسپی کے امور، خطے کی بحری سلامتی کی صورتحال، اور دفاع، تربیت و سیکیورٹی میں تعاون کے فروغ کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا۔
دونوں فریقین نے رواں سال شمالی بحیرہ عرب میں کامیابی سے منعقد ہونے والی پاک بحریہ اور سعودی بحریہ کی مشترکہ مشق نسیم البحر-XV کی تعریف کی اور اسے دوطرفہ عسکری تعلقات میں اہم سنگ میل قرار دیا۔ایڈمرل نوید اشرف نے پاکستان نیوی کی جانب سے بحری تحفظ اور خطے میں استحکام کے لیے جاری کوششوں پر روشنی ڈالی اور خطے میں امن کے فروغ میں دونوں ممالک کے اشتراک کو اہم قرار دیا ہے ۔