لاہور (انٹرنیشنل کارسپونڈنٹ پنجاب فرزانہ چوہدری سے) — ترجمان پاک فوج لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ بلوچ عوام پاکستان کے ساتھ تاریخ، مذہب، ثقافت اور روایت کے مضبوط رشتوں میں بندھے ہیں، اور چند دہشت گرد بلوچستان و پاکستان کی ترقی و خوشحالی کی راہ میں رکاوٹ نہیں بن سکتے۔
یہ بات انہوں نے کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی لاہور کے دورے کے دوران کہی، جہاں طلبہ نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ اپنے خطاب میں انہوں نے آپریشن ’بنیان المرصوص‘ میں پاک افواج کی حکمت عملی اور کامیابی پر روشنی ڈالی اور کہا کہ اس معرکے میں فتح عوام کی حمایت اور نوجوانوں کے کردار کے بغیر ممکن نہ تھی۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے واضح کیا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، تھی اور ہمیشہ رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ ملک دشمن عناصر کے ناپاک عزائم کو پاک فوج اور قوم نے یکجہتی سے ناکام بنایا ہے۔
طلبہ و طالبات نے افواجِ پاکستان کو تاریخی کامیابی پر خراجِ تحسین پیش کیا اور آئندہ بھی ایسے انٹرایکٹو سیشنز کی خواہش ظاہر کی تاکہ نوجوان نسل کو قومی سلامتی اور دفاعی امور سے متعلق براہِ راست آگاہی حاصل ہو۔