لاہور (انٹرنیشنل کارسپونڈنٹ پنجاب فرزانہ چوہدری سے ) — محنت، لگن اور عزم کی روشن مثال قائم کرتے ہوئے سبزی فروش کے بیٹے نے میٹرک بورڈ میں تیسری پوزیشن حاصل کرکے اپنے والدین اور اساتذہ کا سر فخر سے بلند کر دیا۔
گورنمنٹ ہائی اسکول نمبر 1 شاہکوٹ کے طالبعلم ملک فیضان رضا نے لاہور بورڈ کے میٹرک امتحانات میں شاندار 1186 نمبر حاصل کر کے نہ صرف اپنے والدین بلکہ اپنے اسکول اور علاقے کا بھی نام روشن کر دیا۔
فیضان کا تعلق ایک محنت کش گھرانے سے ہے، جہاں اس کے والد سبزی فروش ہیں۔ محدود وسائل کے باوجود اس کی کامیابی اس بات کا ثبوت ہے کہ محنت کبھی رائیگاں نہیں جاتی۔
اساتذہ اور اہل علاقہ نے فیضان کی کامیابی کو سراہتے ہوئے اسے آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ قرار دیا ہے۔ فیضان نے اپنی کامیابی کا سہرا اپنے والدین، اساتذہ اور مسلسل محنت کو دیا، اور مستقبل میں ڈاکٹر بن کر ملک و قوم کی خدمت کا عزم ظاہر کیا۔