نئی دہلی ۔ بھارتی سپریم کورٹ نے 2006 کے ممبئی ٹرین بم دھماکوں کے کیس میں ممبئی ہائیکورٹ کی جانب سے 12 ملزمان کی بریت کے فیصلے پر عملدرآمد روک دیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق، عدالت عظمیٰ نے واضح کیا ہے کہ ہائیکورٹ کے فیصلے کو کسی اور کیس میں بطور نظیر استعمال نہیں کیا جائے گا، تاہم بری کیے گئے افراد کو دوبارہ گرفتار کرنے کا حکم نہیں دیا گیا۔
عدالت نے مہاراشٹرا حکومت کی اپیل پر 12 ملزمان کو نوٹس جاری کرتے ہوئے ان سے جواب طلب کیا ہے۔
یاد رہے کہ ممبئی ہائیکورٹ نے چند روز قبل 11 جولائی 2006 کو ممبئی کی لوکل ٹرینوں میں ہونے والے سات بم دھماکوں کے کیس میں تمام 12 ملزمان کو ناکافی شواہد کی بنیاد پر بری کر دیا تھا۔ ان دھماکوں میں 189 افراد جاں بحق اور 824 زخمی ہوئے تھے۔
ریاستی حکومت نے اس فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا تھا، جس پر اب عدالت نے عبوری حکم جاری کر دیا ہے۔